ٹی وی نہ دیکھنے کے فوائد٬ بالخصوص پاکستانیوں کے لیے

یہ زیادہ پرانی بات نہیں، تیس چالیس سال قبل پاکستانی تفریح کے لیے کئی طریقے اپناتے تھے۔ پارکوں میں نکل جاتے، تاریخی مقامات پر پکنک مناتے، کوئی کھیل کھیلتے، بچے مقامی کھیلوں مثلاً برف پانی، کیڑی کاڑا، پٹھو گول گرم سے جی بہلاتے۔ لیکن آج ٹی وی دیکھنا سبھی چھوٹے بڑوں کا محبوب مشغلہ بن چکا ہے۔ بہت سے بڑے اور بچے روزانہ دو سے چھے گھنٹے ٹی وی دیکھتے ہیں۔ گویا یہ عمل ان کے لیے نشہ بن چکا ہے۔ پچھلے سال برطانوی اور آسٹریلوی سائنس دانوں نے ہزارہا مرد و زن پر تحقیق کرنے کے بعد دریافت کیا تھا کہ ایک گھنٹہ ٹی وی دیکھنے سے انسان کی زندگی میں سے 22منٹ کم ہوجاتے ہیں۔ یہ محض ایک نقصان ہے، ورنہ ’’ٹی وی واچنگ‘‘ اپنے دامن میں کئی خرابیاں چھپائے ہوئے ہے۔ ذرا سوچیے، ہم ٹی وی دیکھنے پر روزانہ جو تین چار گھنٹے خرچ کرتے ہیں، اگر وہ بچ جائیں، تو ان سے کتنا فائدہ اُٹھانا ممکن ہے۔ آپ ورزش کرنے، پارک میں تفریح منانے اور اپنے خاندان کو وقت دینے کے لیے وقت نکال سکتے ہیں۔ یوں نہ صرف آپ کی عمر میں اضافہ ہوگا، بلکہ آپ ذہنی و جسمانی طور پر چُست ہوجائیں گے۔ نیز زندگی سے محبت بڑھے گی۔ ذیل میں ایسے چند فوائد پیشِ خدمت ہیں جو ٹی وی نہ دیکھنے سے آپ کو ملیں گے۔ بطور تجربہ آپ ایک ہفتہ ٹی وی نہ دیکھیے۔ شروع میں آپ اپنے اندر خلا محسوس کریں گے، جیسے سگریٹ یا ہیروئین چھوڑنے پر نشئی کو احساس ہوتا ہے۔ مگر ثابت قدمی دکھائی، تو حاصل ہونے والے فوائد سے آپ بخوبی لطف اندوز ہوں گے۔
 

وقت بچائیے
ہمارا قیمتی وقت کھا جانا ٹی وی کی سب سے بڑی خامی ہے۔ ایک تازہ تحقیق کے مطابق پاکستانیوں کی اکثریت روزانہ تین تا چار گھنٹے ٹی وی دیکھتی ہے۔ گویا جاگتے ہوئے ان کا 20 سے 25 فیصد وقت ٹی وی کھا جاتا ہے۔ اب سوچیے کہ آپ کو اچانک 25 فیصد مزید وقت مل جائے… یہ فی سال تین ماہ بنتا ہے۔ اس ملنے والے وقت میں آپ ورزش کیجیے، دیگر صحت مند سرگرمیاں اپنائیے اور اپنا معیارِ زندگی بہتر بنائیے۔ ایک ماہر نے تخمینہ لگایا ہے، اگر 80 سالہ مرد یا عورت روزانہ چار گھنٹے ٹی وی دیکھے، تو یہ عرصہ ’’116,800‘‘ گھنٹے بنتا ہے۔ جبکہ وہ صرف ’’98,000‘‘ گھنٹے کام پر خرچ کرتا ہے۔ یعنی بحیثیت قوم پاکستانی روزانہ’’ کروڑوں گھنٹے‘‘ یعنی سالانہ ’’اربوں گھنٹے‘‘ ٹی وی دیکھنے میں ضائع کرتے ہیں۔ سوچیے، پاکستانی قوم اس ڈبے سے پیچھا چھڑا لے، تو اُس وقت میں کئی مفید کام کر سکتی ہے۔

image


ذہنی دباؤ سے نجات پائیے
بہت سے مرد و زن اہم کاموں کو پسِ پُشت ڈال دیتے ہیں تاکہ ٹی وی دیکھنے کے لیے وقت نکال سکیں۔ بعد ازاں ملتوی شدہ کام ان کے سر پر سوار ہو کر انھیں ذہنی دباؤ کا شکار بنا ڈالتا ہے۔ مزید برآں انھیں یہ خیال بھی دق کرتا رہتا ہے کہ وہ اپنے خاندان والوں اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے وقت نہیں نکال پاتے۔ اور جب وہ ذہنی تھکن کا شکار ہو جائیں اور مزید کام کرنے کے لیے اپنے اندر توانائی نہ پائیں تو… تو پھر ٹی وی دیکھتے ہیں۔ سو وہ جان لیوا چکر میں پھنس جاتے ہیں۔ چناں چہ ایک ہفتہ ٹی وی سے دور رہیے پھر دیکھیے کہ آپ کی زندگی میں کیسا انقلاب آتا ہے۔

image


موٹاپے سے چھٹکارا پائیے
ٹی وی دیکھتے ہوئے انسان عموماً پروگرام میں کھو جاتا ہے۔ تب وہ ٹی وی دیکھتے کھانا کھا رہا ہو تو عموماً ضرورت سے زیادہ کھا جاتا ہے۔ وجہ یہی کہ اُسے کھانے کی مقدار کا اندازہ ہی نہیں ہو پاتا۔ ماہرین غذائیات کا کہنا ہے کہ فی کھانا یوں انسان 250 سے 300 حرارے زیادہ حاصل کرتا ہے جو اُسے فربہ بنا ڈالتے ہیں۔ سو ٹی وی واچنگ ترک کرنے کا فائدہ یہ ہے کہ انسان اپنی زائد خوراکی پر کنٹرول کر لیتا ہے۔

image


خود کو پُرکشش بنائیے
کئی پاکستانیوں کی زندگی میں ٹی وی اتنا دخیل ہوچکا ہے کہ ان کی روزمرہ گفتگو دراصل پروگراموں میں ہوئی باتوں کا چربہ ہوتی ہے اور جب ان سے حقیقی زندگی کے متعلق کوئی سوال پوچھا جائے تو وہ بغلیں جھانکنے لگتے ہیں۔ زندگی بڑی خوب صورت ہے، اُسے غیر فطری ٹی وی پروگراموں کی بھینٹ نہ چڑھائیے۔ سو کوئی تخلیقی کام کر کے خود کو پُرکشش، مقبول اور با مقصد بنائیے۔ مثلاً کسی سماجی سرگرمی میں حصہ لیں، کوئی کتاب لکھیے، تصویر بنائیے۔ ایسی تخلیقی صلاحیتوں کا اِظہار کئی لحاظ سے ممکن ہے۔

image


رشتوں کو مضبوط بنائیے
کئی پاکستانی گھروں میں صبح سے رات تک ٹی وی لگا رہتا ہے۔ اہلِ خانہ اسی کے سامنے کھانا کھاتے اور دیگر سرگرمیاں انجام دیتے ہیں۔ نتیجتاً والدین اور بچوں کو یہ موقع نہیں ملتا کہ وہ آپس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کر سکیں اور اپنے تجرباتِ زندگی ایک دوسرے کو بتائیں۔ یوں ان کے مابین گہرا، جذباتی اور پائیدار رشتہ قائم نہیں ہو پاتا۔ یاد رکھیے، مل بیٹھ کے ٹی وی دیکھنے سے مضبوط تعلقات جنم نہیں لیتے۔ چناںچہ زندگی کا انتہائی قیمتی وقت ضائع کرنے والے اِس ڈبے کو بند کیجیے اور بچوں کے ساتھ کوئی صحت مند سرگرمی اپنائیے… مثلاً کوئی کھیل کھیلیں، مل کے کھانا پکائیے، ورزش کیجیے یا چہل قدمی کیجیے۔یہ تمام سرگرمیاں والدین اور بچوں کو قریب لاتی ہیں۔

image


ٹی وی آرام کا نعم البدل نہیں
کئی لوگ ٹی وی یہ سمجھ کر دیکھتے ہیں کہ یوں کچھ آرام مل جائے گا۔ مگر یہ بہت بڑا مغالطہ ہے۔ کیونکہ پروگرام دیکھتے ہوئے ذہن مسلسل مصروف رہتا ہے۔ وہ کرداروں کے جذبات پروسیس کرتا اور آپ کو ذہنی و جسمانی طور پر سرگرم رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹی وی پروگرام دیکھنے کے بعد ہم تھکن اور گراوٹ محسوس کرتے ہیں۔ سونے پر سہاگا، زیادہ کھانا کھانے سے طبیعت مزید بھاری ہوجاتی ہے۔

image


نئے خیالات سے روشناس ہوئیے
ٹی وی دیکھنے والا عموماً کوئی نئی بات نہیں سیکھتا اور نہ ہی نیا تجربہ پاتا ہے۔ وجہ یہی کہ دنیا میں گھومنے پھرنے، لوگوں سے باتیں کرنے اور مختلف کُتب و رسائل پڑھنے سے نئی باتیں حاصل ہوتی ہیں۔ جبکہ ٹی وی دیکھنے سے انسان حقیقی دنیا سے کٹ جاتا ہے۔ سو اِس ڈبے سے چھٹکارا پائیے اور دنیا میں گھوم پھر کے نئے تجربات پائیے۔ آپ کو تب ترقی کے مواقع بھی ملیں گے۔

image


ٹی وی کے نشے سے محفوظ رہیے
اگر بہت زیادہ ٹی وی دیکھا جائے، تو یہ نشہ بن جاتا ہے۔ اسی نشے کی نمایاں علامتیں یہ ہیں:
٭خود کو پُرسکون کرنے کی خاطر ٹی وی دیکھنا۔
٭مسلسل ٹی وی دیکھنا اور چاہتے ہوئے بھی اس کے سامنے سے نہ اُٹھنا۔
٭اکثر خود پر غصہ کرنا اور پشیمان ہونا کہ زیادہ ٹی وی کیوں دیکھا جاتا ہے۔
٭ٹی وی سے دور ہونے پر گھبراہٹ محسوس کرنا۔

اگر آپ ایک ہفتے تک ٹی وی سے دور نہیں رہ سکتے، تب بھی یہ اس کا نشئی بننے کی علامت ہے۔ خوش قسمتی سے ٹی وی دیکھنا عادت ہے، سگریٹ یا ہیروئین پینے کے مانند جسم اس کا عادی نہیں ہوتا۔ اسی لیے انسان کوشش سے بے حساب ٹی وی دیکھنا ترک کر سکتا ہے۔

image


غیر ضروری اشیا خریدنے کی ہڑک سے بچییے
ایک اندازے کے مطابق آج 65 سال کا ہونے تک ہر پاکستانی دس تا پندرہ لاکھ اشتہار ٹی وی پر دیکھ لیتا ہے۔ اب بہت سے پاکستانی ٹی وی اشتہار دیکھ کے ہی فیصلہ کرتے ہیں کہ کون سی چیز خریدی جائے۔ مسئلہ یہ ہے کہ ٹی وی اشتہار انسان میں ایسی اشیا خریدنے کی تڑپ بھی پیدا کرتے ہیں جن کی ضرورت نہیں ہوتی۔ سو ٹی وی سے دور رہنے کے باعث نت نئی چیزیں خریدنے کی تمنا بھی دم توڑ جاتی ہے۔

image

اپنے ایمان سے جڑے رہیے
آخر میں ٹی وی نہ دیکھنے سے بحیثیت مسلمان ہمیں پہنچنے والا بڑا فائدہ یہ ہے کہ ہمارا ایمان و کردار برقرار رہتا ہے۔ پچھلے چالیس پچاس برس کے دوران پاکستان میں دو نسلیں ٹی وی پر مار دھاڑ سے بھرپور فلمیں، مادر پدر آزاد ڈرامے دیکھتے اور فحش گفتگو سنتے جوان ہوئی ہے۔ نتیجتاً وہ اسلامی و مشرقی اقدار سے عاری ہو کر مادہ پرست بن چکیں۔ اب بزرگوں کے لیے انھیں سنبھالنا مشکل ہو رہا ہے۔ اس کے باوجود پوچھا جاتا ہے: ’’والدین سے تربیت میں کہاں کوتاہی ہوئی ہے؟‘‘

image

سو یہ حقیقت ہے کہ ٹی وی دیکھنا چھوڑ کر آپ اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں ہی نہیں انقلاب لا سکتے ہیں۔ اس کام کو کل یا پرسوں پر نہ چھوڑئیے، آج ہی سے اپنا لیجیے۔

بشکریہ:( عالیہ احمد - اردو ڈائجسٹ )
YOU MAY ALSO LIKE:

Televisions are no doubt are best way of keeping us updated, however there are lots Disadvantages of Television and that is very dangerous to our daily life and health. Today I am going to describe some Major cons of television. Of Course its all depends on you, how you use television in your daily life, let me start the some Drawbacks of Television.