ایسا پارک جہاں نوجوانوں کا داخلہ ممنوع ہے

ممبئی کی بھاگتی دوڑتی زندگی میں سماجی میل جول بالغ نوجوانوں کے لیے ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یہ نوجوان سینما ہاؤس کے لاؤنج، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، اور بڑی تعداد میں دیگر مقامات پر اکھٹا ہوتے ہیں۔

لیکن ریٹائرڈ اور عمر رسیدہ افراد کے لیے سماجی میل جول انتہائی دشوار عمل بن کر رہ گیا ہے۔

یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ 2050ء تک ہندوستان میں ضعیف العمر افراد کی تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہوگی۔

عمر رسیدہ افراد کی اس قدر بڑی تعداد کے لیے خصوصی سہولتوں کی فراہمی بھی ضروری ہے، جن کا ہندوستان ہی نہیں بلکہ جنوبی ایشیاء کے تمام ہی ملکوں میں فقدان دکھائی دیتا ہے۔
 

image


عمر رسیدہ شہریوں کے سماجی میل جول کے لیے ممبئی شہر کے گرگاؤں چوپاٹی ساحل پر ’نانا، نانی پارک‘ اپنی قسم کی منفرد مثال ہے۔

یہ پارک ساحلِ سمندر پر کچرے کے ایک وسیع و عریض ڈھیر کو صاف کر کے تیار کیا گیا ہے۔

اس کچرے کے ڈھیر کو صاف کر کے ناصرف ساحل کی بدنمائی کو دور کیا گیا ہے، بلکہ پارک کی تعمیر کے بعد یہ علاقہ بھی خوبصورت ہوگیا ہے۔جس سے علاقے میں رہائش پذیر تمام افراد بالخصوص عمر رسیدہ شہریوں کو فائدہ پہنچا ہے۔

نانا نانی فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام یہ پارک ضعیف العمر شہریوں کے لیے مخصوص ہے، اس میں نوجوان افراد کا داخلہ ممنوع ہے۔

اس پارک میں ریٹائرڈ افراد کی بڑی تعداد صبح اور شام کو چہل قدمی، میل جول اور وقت گزاری کے لیے آتی ہے۔

یہاں ان کو مفت اخبار پڑھنے کو ملتا ہے۔ روزانہ صبح کے وقت چائے بھی دی جاتی ہے۔ روزانہ باقاعدگی سے پارک آنے والے ایک دوسرے سے گھل مل گئے ہیں اور ایک دوسرے کی غم و خوشی میں شریک ہوتے ہیں۔
 

image

اس پارک میں مختلف مباحثے بھی ہوتے ہیں۔ اور یہاں ایک قہقہہ کلب بھی قائم ہے۔ جس کے لیے مخصوص وقت میں لوگ ایک دوسرے کو لطیفے سنا کر ہنساتے ہیں۔

اس پارک میں مستقل آنے والے افراد کے لیے طبی معائنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

اس کے علاوہ یہاں مختلف تہواروں پر کلچرل پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔

ممبئی میں اس طرز کے دو مزید پارک تعمیر ہوچکے ہیں، جن کا انتظام و انصرام نانا نانی فاؤنڈیشن کے پاس ہے۔

اس طرز کے پارک کی پاکستان میں بھی اشد ضرورت ہے، جہاں ریٹائرڈ افراد اس طرح کی مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔

بشکریہ: ( ڈان نیوز)
YOU MAY ALSO LIKE:

Walking is the Best Exercise and it is a must for Senior Citizens. In present day crowded localities with rickshaws, buses and private vehicles all-around, where to walk? Shri Pramod Navalkar, Maharashtra`s the then MLA and a friend and well-wisher of Senior Citizens thought of this concept of Nana-Nani Parks for Senior Citizens.