شمالی یورپ شہد کی مکھیوں کا ’مقتل‘

یورپی یونین کی جانب سے 17 ممالک میں کروائی جانے والی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ شمالی یورپ میں مرنے والی شہد کی مکھیوں کی تعداد بحیرۂ روم کے کنارے آباد یورپی ممالک میں ہلاک ہونے والی مکھیوں سے کہیں زیادہ ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق یورپی ممالک کی نمائندہ تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ براعظم میں شہد کی مکھیوں کے چھتّوں کی تباہی پر ہونے والی سب سے جامع تحقیق ہے۔
 

image


تحقیق کے دوران پتہ چلا کہ 13_2012 کے موسمِ سرما میں شہد کی مکھیوں کی اموات کے سب سے زیادہ واقعات بیلجیئم میں پیش آئے جہاں موجود ایک تہائی سے زیادہ مکھیاں ہلاک ہوگئیں۔

اس کے علاوہ سویڈن اور برطانیہ بھی متاثرہ ممالک میں شامل تھے اور برطانیہ میں یہ شرح 29 فیصد تھی۔

اس تحقیق کو اپیلوبی کا نام دیا گیا ہے اور اس میں دس فیصد ہلاکتوں کو قابلِ قبول سمجھا گیا ہے۔ تحقیق میں انتہائی سرد موسم کو ہلاکتوں کی اہم وجہ قرار دیا گیا ہے۔

شمالی یورپ کے برعکس جنوبی یورپ میں شہد کی مکھیوں کی تعداد میں کمی اسی شرح سے ہوئی جسے قابلِ قبول سمجھا جاتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ سپین، اٹلی اور یونان میں مکھیوں کا ہر دس میں سے ایک چھتّا ختم ہوا جو کہ عام شرح سے بھی کم ہے۔

اس عمل کے دوران یورپ بھر میں شہد کی مکھیوں کی 32 ہزار کالونیوں کا جائزہ لیا گیا۔
 

image

اس تحقیق کے دوران صرف شہد کی مکھیوں کے چھتّوں کا ہی جائزہ لیا گیا اور اس میں ان پر کیڑے مار ادویات کے اثرات شامل نہیں تھے۔

گذشتہ برس یورپی یونین نے کیڑے مار ادویات میں چار ایسے کیمیائی مادوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی جن کی وجہ سے یورپ میں شہد کی مکھیوں کے چھتّے تباہ ہو رہے تھے۔
YOU MAY ALSO LIKE:

A landmark study has revealed the UK is suffering one of the worst rates of honeybee colony deaths in Europe. In the cold winter of 2012-13, 29% of honeybee colonies in the UK died, with only Belgium suffering a higher rate of losses (34%) of the 17 countries surveyed.