ہماری ویب کے کالم نگاروں کے اعزاز میں ظہرانہ

معروف کالمسٹ عطاالحق قاسمی نے ایک موقع پر کہا تھا کہ “ کالم نگاری نہ صرف ایک فن اور مختلف معاملات پر اپنے خیالات کے اظہار کا ذریعہ ہے بلکہ یہ معاشرے میں ہونے والی نا انصافیوں٬ سیاستدانوں کے ناعاقبت اندیش اقدامات اور دیگر معاملات کے خلاف آواز بلند کرنے کے ضمن میں اپنا حصہ ڈالنے کے مترادف بھی ہے جو یہ ثابت کرتی ہے کہ آپ ظلم و زیادتیوں پر خاموش نہیں ہیں- اور ان کے خلاف منہ میں زبان٬ ہاتھ میں طاقت اور وسیع نظر رکھتے ہیں“-

کچھ لوگوں کو کالم لکھنے کا شوق ہوتا ہے تو کچھ کالم نگاری کے ذریعے اپنا ڈپریشن یا ذہنی دباؤ کم کرتے ہیں٬ لیکن وجہ جو بھی ہو یہ کالم قارئین کے لیے ضرور معلومات کا ایک اہم ذریعہ بنتے ہیں- معاشرے میں کالم نگاروں کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے٬ کیونکہ کالم نگاروں کے قلم اگر کسی کے علم میں اضافہ کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں تو وہی دوسری جانب معاشرے میں ہونے والے مظالم کے خلاف بغاوت کرتے بھی نظر آتے ہیں-
 

image


ہماری ویب پر بھی کالم نگاروں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور جہاں ایک جانب کالم لکھنے والے موجود ہیں وہیں دوسرے طرف ان کالموں کو پڑھنے والے بھی انگنت ہیں جن کے مثبت تبصرے اور آرا ان کالم نگاروں کی حوصلہ افزائی کا باعث ہوتے ہیں-

ہماری ویب اپنے آغاز سے ہی اپنے محترم کالم نگاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے کئی اقسام کے اقدامات کرتی آئی ہے اور اسی سلسلے میں گزشتہ روز بھی ہماری ویب نے اپنے کالم نگاروں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا- اس تقریب کی سربراہی٬ ہماری ویب کے بانی جناب ابرار احمد صاحب نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کی-

اس تقریب میں شرکت کرنے والے کالم نگاروں کا تعلق زندگی کے مختلف شعبوں سے تھا اور اپنی بےپناہ مصروفیات کے باوجود تقریب میں شرکت کر کے ہماری ویب سے اپنی محبت و عقیدت کا ثبوت دیا-

تقریب میں جہاں ایک جانب معاشرتی مسائل پر گفتگو کی گئی وہی دوسری طرف نیٹ پر کالم پڑھنے والوں کو درپیش آنے والے مسائل کو بھی زیر بحث لایا گیا اور اس ضمن میں تمام کالم نگاروں نے اپنی قیمتی آرا سے نوازا-
 

image

کالم نگاروں کی جانب سے ہماری ویب کے کئی اقدامات کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی تو کچھ معاملات کے حوالے سے مثبت تنقید بھی سامنے آئی جس کو ہماری ویب کی ٹیم نے خندہ پیشانی سے قبول کرتے ہوئے ان معاملات کی درستگی کا وعدہ بھی کیا-

اس تقریب کا ایک اہم پہلو یہ بھی رہا کہ اس مشینی دور میں ہماری ویب اپنے محترم کالم نگاروں کو قریب سے جان سکے اور کالم نگار بھی ہماری ویب کی ٹیم کو براہ راست اپنے قیمتی مشوروں سے مستفید کرسکیں اور ساتھ ہی دوسرے کالم نگاروں سے متعارف ہوسکیں- اس موقع پر جناب ابرار احمد صاحب کی جانب سے “ رائٹرز کلب “ کے انعقاد کی تجویز بھی سامنے آئی٬ جہاں کالم نگاری٬ شاعری اور ادب سے منسلک احباب کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا جاسکے-

کالم نگاروں کا کہنا تھا کہ “ ہمیں نیٹ کی دنیا کے لیے اردو کی تدوین اور ترویج کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے اور ہر فرد کو اپنی انفرادی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے“-

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ “ ہماری نئی نسل جو اردو زبان کے تلفظ سے نابلد ہے٬ ہمیں انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہوئے ان کی اصلاح کرنی چاہیے اور انہیں اپنی قومی زبان سے بھرپور آشنائی فراہم کرنی چاہیے“-

تقریب میں آنے والے شرکاﺀ کو ظہرانے کے بعد ہماری ویب کے یادگار تحائف پیش کیے گئے٬ جبکہ کچھ شرکاﺀ نے بھی دلی محبت کے اظہار کے طور پر ہماری ویب کی ٹیم کو محبت بھرے تحائف سے نوازا (شکریہ)-
 

image

تقریب کے اختتام پر تمام شرکاﺀ کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ملک و قوم اور ہماری ویب کی ترقی کے لیے دعا بھی کروائی گئی-

ہماری ویب کی تقریب میں شرکت کرنے والے کالم نگاروں کی فہرست:

1- محمد اعظم عظیم اعظم
2- سلیم ﷲ شیخ
3- شیخ خالد زاہد
4- ایم ابراہیم خان
5- میر افسر امان
6- پروفیسر اصغر کریم خان
7- عطا خان تبسم
8- منیر بن بشیر
9- محمد فیصل شہزاد
10- ڈاکٹر رئیس صمدانی
11- سید مسرت علی
12- عابد محمد عزام
13- پروفیسر شبیر احمد خورشید


نوٹ: ہماری ویب کی ٹیم کی جانب سے عنقریب اپنے شعراﺀ کے لیے بھی اسی طرح کی ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا- اس سلسلے میں آپ اپنی قیمتی آراﺀ سے ہمیں مندرجہ ذیل ای میل ایڈریس پر آگاہ کرسکتے ہیں-
[email protected]
YOU MAY ALSO LIKE:

A columnist is someone who writes for publication in a series, creating an article that usually offers commentary and opinions. Columns appear in newspapers, magazines and other publications, including blogs. Recently, Hamariweb organize lunch ceremony in the honour of columnists.