دارالعلوم دیوبند اسلام کا سب سے بڑا محافظ

سعودی حکومت کی جانب سے دارلعلوم کی خدمات کااعتراف باطل کے منہ پر زور دار طمانچہ

عالم اسلام کی عظیم اسلامک یونیورسٹی دارالعلوم دیوبند کی تاریخ میں آج ایک اور سنہرے باب کا اضافہ ہوگیا ہے، سعودی حکومت میں مذھبی امور کے وزیر شیخ صالح بن عبدالعزیز نے آج اپنی زبان سے اس حقیقت کا اعتراف کرلیا ہے کہ مشرق ومغرب اور شمال وجنوب میں سے جس خطے کابھی میں نے سفر کیا وہاں میں نے دارالعلوم دیوبند کا خدمات کا تذکرہ سنا ہے .اس عظیم یونیورسیٹی کو ضلالت وجہالت کی گھنگھور گھٹاؤں میں علم وہدایت کی شمع جلاتے ہوئے پایا ہے. یہ ادارہ اسلام کا عظیم قلعہ ہے انبیاءعلیہم السلام کی دی گئ وراثت کی حفاظت میں اس ادارے نے تاریخ ساز قربانیاں دی ہے چودہ سوسال کا طویل عرصہ گذرجانے کے باوجود بھی اسلام اپنی صحیح شکل وصورت میں یہاں موجود ہے دارالعلوم دیوبند اور سعودی عرب کا درمیان یہ کوئی پہلا رابطہ نہیں ہے لیکن یہ ضرور ہوا ہے کہ اس رشتے کےدرمیان مظبوطی آگئ ہے بچشم دید زیارت کے بعد ہمارے درمیان قائم پل میں دوام واستمرار پیدا ہوگیا ہے.سعودی حکومت دارالعلوم کی 150 سالہ علمی مذہبی سیاسی سماجی ملی قومی خدمات کو سرآنکھوں سے لگاتی ہے قرآن وحدیت اصول وتفسیر فقہ وفتاوی باطل فرقوں کی تردید اور دیگر علوم کی ترویج واشاعت پر فخر کرتی ہے اور یہ وعدہ کرتی ہے حکومت ہر ہرقدم پر دارالعلوم کے ساتھ ہے.

چہار دانگ میں پھیلی ہوئی دارالعلوم دیوبند کی خدمات کا اعتراف پہلی مرتبہ کسی عرب نے نہیں کیا ہے اس پہلے بھی آئمہ حرم سمیت مختلف مقتدر شخصیات اس حقیقت کا اعتراف کرچکی ہیں لیکن ان سب کے باوجود آج کا یہ اعتراف سب سے زیادہ اہم ہے. اس لئے نہیں کہ مہمان مکرم نے دارالعلوم کی تعریف وتوصیف میں فراخ دلی سے کام لیا ہے بلکہ اس لئے کہ آج ان لوگوں کو سخت طمانچہ لگ گیا ہے ان کے جھوٹ کا پردہ فاش ہوگیا ہے جو دولت وثروت کی لالچ میں غلط بیانی سے کام لے رہے تھے اسلام کے سچے محافظ کی شبیہ پر بدنماداغ لگارہے تھے .حجازمقدس سے بلند ہونے والے مذہب کی پاسبانی کرنے والے والے کو دشمنان اسلام کی فہرست میں شامل کررہے تھے اور اسلام کی حقیقی ترجمانی کرنے والی جماعت کو بدعتی اور مشرک قرار دے رہے تھے. سعودی حکومت کی دہلیز پر دھرنا دے کر یہ کہ رہے تھے کہ بر صغیر میں اسلام کے نام لیوا صرف اور صرف ہم ہیں ہمارے علاوہ سب کے سب مشرک اور کافر ہیں اس طبقے نے شاید یہ نہیں سوچا تھا کہ جھوٹ کی کھیتی زیادہ دن تک نہیں چلتی ہے-

بہرحال سعودی حکومت نے صاف لفظوں میں دارالعلوم کی خدمات کا اعتراف کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے تعلیمات کو فروغ دینا اور اسلام کے عالم گیر پیغا م عام کرنا حکومت کا اہم مشن ہے اور دنیا میں جہاں کہیں بھی جولوگ اس کام کو کر رہے ہیں وہ ہرطرح سے ان کے ساتھ ہیں. — ‎

Shams Tabrez Qasmi
About the Author: Shams Tabrez Qasmi Read More Articles by Shams Tabrez Qasmi: 214 Articles with 163124 views Islamic Scholar, Journalist, Author, Columnist & Analyzer
Editor at INS Urdu News Agency.
President SEA.
Voice President Peace council of India
.. View More