علماء بورڈ کے قیام کا فیصلہ، چند تجاویز

انسانی فطرت ہے کہ وہ معاشرے سے کٹ کر نہیں رہ سکتا، اور اگر معاشرے میں امن نہ ہو تو وہ معاشرہ ، معاشرہ کہلانے کا مستحق نہیں ہے۔ ہر ذی شعور آدمی امن کا خواہاں ہے اور یہ واضح حقیقت ہے کہ امن کے بغیر کوئی قوم یا ریاست ترقی نہیں کرسکتی ہے۔تمام پیغمبروں کی تعلیمات کا بغور جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ انہوں نے سب سے زیادہ تبلیغ اور محنت ''قیام امن'' کے لئے کی ہے۔ گلگت بلتستان کا سب سے بڑا المیہ امن و آمان کی دگرگوں صورت حال ہے اور بد قسمتی سے یہاں اس کا ذمہ دار علماء کرام اور مذہبی طبقات کو گردانا جاتاہے اور بعض ناہنجار تودین اسلام کو اس کا ذمہ دار و قصور وار ٹھہراتے ہیں ، حالانکہ قرآن و حدیث، سیرت ہادی دو عالمۖ او ر سیرت صحابہ اور فقہ اسلامی اور اکابر و مشائخ کی تعلیمات کے گہرے مطالعے سے یہ بات ببانگ دہل واضح ہو جاتی ہے کہ اسلام سب سے زیادہ امن و آمان پر زور دیتا ہے اور انسانیت کے احترام کی بات کرتا ہے۔ اور امن و آمان اسلامی ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ کاش !اسلام اور علماء کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو امن دشمن اورگلگت بلتستان کو مقتل بنانے والے حقیقی مجرم نظر آتے، سب جانتے ہیں مگرزبان سے کہنا اور قلم سے لکھنا جان کے لالے پڑ جاتے ہیں۔

گلگت بلتستان کے ارباب اقتدار نے یہ اعلان کر دیا کہ وہ گلگت بلتستان میں قیام امن اور مذہبی یک جہتی کے لئے گلگت بلتستان کے تمام مسالک کے جید علماء پر مشتمل ایک علماء کونسل/ بورڈ بنائیں گے۔یہاں حکومت نے اعلان تو کردیامگریہ اتنا آسان کام اور بچوں والامعاملہ نہیں کہ بس علماء بور ڈ کے قیام سے گلگت بلتستان امن کا گہوارہ بن جائے گا۔ دھرتی عزیز پاکستان میں اس کی مثالیں پہلے سے موجود ہیں،اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان و آزاد کشمیر اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے نام سے یہ روایتی تجربے پہلے سے ہوتے رہے ہیں اور ان کے نتا ئج صفر ہیں۔1951ء میں پاکستان کے سارے دینی مکاتیب فکر کے معتمد علیہ ٣١ علماء کرام نے عصر حاضر میں ریاست و حکومت کے اسلامی کردارکے حوالے سے ٢٢ نکات پیش کئے تھے اور ٢٤ ستمبر ٢٠١١ء کو بھی لاہور میں '' ملی اجلاس'' کے زیر اہتمام منعقدہ ''اتحاد امت کانفرنس'' میں تمام دینی مکاتیب فکر کے ٥٥ جید علما ء کرام نے ایک مشترک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میںمملکت خداداد پاکستان کواسلامی خطوط پر استوار کرنے کے لئے متفقہ راہنماء اصول پیش کیے مگر اس کے نتائج ہنوز ندارد۔ حکومتی سطح پر کام کرنی والی اسلامی نظریاتی کونسل کے پیش کردہ سفارشات کو بارہا ردی کی ٹوکری کے نذر کردیے گئے ہیں، تاہم ان کے چیئرمینوں اور ممبران اور دیگر عملے کو مکمل پروٹوکول ملتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرّوفرّ سے ملتا رہے گا۔ اگر گلگت بلتستان میں بھی اس طرح کی ایک نام نہاد کونسل بنائے جانے کا پروگرام ہے تو میں حکومت وقت سے دست بستہ عرض کرونگا کہ خدارا! قوم کو بھی بے قوف نہ بناؤ اور خود کو بھی دھوکہ مت دو، اور تمام مکاتیب فکر کے سنجیدہ اور جید علماء سے بھی گزارش کرونگا کہ وہ ایسی نام نہاد کوششوں اور ڈھکوسلہ ٹائپ کی کونسلوں سے گریز کریں تاکہ عوام میں آپ کا وقار تو بحال رہے۔ تاہم آئندہ سطور میں ممکنہ کونسل یا علماء بورڈ کے قیام کے حوالے سے چند معروضات پیش کرونگا اس امید کے ساتھ کہ ارباب حل و عقد اگران پرسنجیدگی سے غور کریں گے تو شاید کوئی بہتری کا پہلو نکل جائے۔

سب سے پہلے اس بورڈ کی قانونی حیثیت واضح ہونی چاہیے، ایک دو سال کے لئے نہیں بلکہ اس کو ایک مستقل ادارے کی شکل دینی ہوگی، اس حوالے سے گلگت اسمبلی میں مکمل قانون سازی ہونی چاہیے اور سربراہ مملکت سے ادارے کی توثیق و تائید حاصل کی جانی چاہیے ۔ اس بورڈ / کونسل کے دائرہ اختیار اور دائرہ کار کو واضح کیا جانا چاہیے اور علماء بورڈ کے فرائض و اختیارات اور دائرہ کار کو متعین کرنے کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل اور سپریم کورٹ آف پاکستان اور پاکستان بھر کے جید علماء کرام، مستند دینی جامعات،مختلف د ینی وفاقی بورڈ اور اہل قلم و علم سے مکمل استفادہ کرنا چاہیے بلکہ گلگت حکومت یہ کام ایک کمیٹی بناان کے سپرد کرے اور ان کی مکمل معاونت کرے۔تاکہ مستقل بنیادوں پر ایک جاندار ادارے کا قیام عمل میں لائے جا سکے۔اس کمیٹی کو واضح تو پر بتائے جائے کہ علماء بورڈ کے ممبران درج ذیل امور کے حوالے سے کام کریں گے۔ ١۔قیام امن کے لئے سفارشات مرتب کرنا۔ ٢۔یہ بورڈکوئی بھی قانون قرآن و سنّت کے متصادم بنانے کا مجاز نہ ہوگا۔ ٣۔مشترکات کو مدنظر رکھا جانا ہو گا نہ کہ اختلافی امور کوزیر بحث لائے جا ئے گا۔ ٤۔بورڈ کے ممبران کے لیئے قانونی ماخذ قرآن ،حدیث،فقہ اسلامی، اجماع اور قیاس ہی ہونگے۔ ٥۔اسمبلی اگر کوئی غیر اسلامی یا کسی مکتب فکر کی دل آزاری پر مبنی قانون سازی کرے تو یہ بورڈ ان قوانین کو منسوخ کرنے کی اہلیت رکھتاہو اور اس کے فیصلوں اور سفارشات کا قانونی تحفظ بھی ہو۔

اب تک کے اطلاعات یہ ہیں علماء بور ڈ کے سات ممبر ہونگے اوران کے ممبران کو گریڈ ١٩ کے مراعات اور چیئرمین کو گریڈ ٢٠ کے مراعات دیے جائیں گے، کیا انصاف سے بتائیں کہ گریڈ ١٩ اور ٢٠ کے مراعات یافتہ کچھ علماء کوئی کردار ادا کر سکیں گئے؟، ناممکن۔ یہاں ایک بات ذہن میں رہنی چاہیے اگر یہ بورڈ بنانا ہی ہے تو پھر ممبران کی تعداد زیادہ ہونی چاہیے اور ان ممبران کے اختیارات و مراعات کم سے کم صوبائی وزراء اور چیئرمین کے اختیارات و مراعات وزیراعلی کے برابر ہونی چاہیے تاکہ ادارے کا وقار قائم ہو سکے، تب یہ ادارہ کوئی کردار ادا کر سکے گا۔ علماء بورڈ کے لئے جو ممبران ہونگے ان کے لئے کڑی شرائط ہونی چاہئے، علمی اور مستند علماء ہی کو بورڈ کا حصہ بننے کے لئے درج ذیل شرائط لاگو کیے جانے چاہیے تاکہ علمی ذوق رکھنے والے یہ مستند علماء کوئی کردار بھی ادا کر سکیں، اگر یہاں بھی پارٹی، سیاست،علاقائیت ،اقربا اور رشوت کی بنیاد پر ممبر لئے جائیں گے تو یہ بورڈ پوری قوم کے لئے مضر اور ہلاکت خیز ثابت ہو سکتا ہے اور قومی خزانے پر ایک اضافی بوجھ ہوگا۔ممبران بورڈ کے لئے علماء کا درج ذیل صلاحیتوں کے حامل ہونا ضروری قرار دیا جانا چاہیے۔
١۔ باکردار اور متقی عالم ہو۔
٢۔ قرآن و حدیث نبویۖ سے مکمل آگاہی حاصل ہو۔
٣۔ خلفائے راشدین ، تابعین کرام ،آئمہ فقہ و اجتہادکے فیصلوں سے پوری طرح واقف ہو۔
٤۔ عربی اور اردوپر مکمل عبور ہو اور انگریزی ضرورت کے مطابق جانتاہو۔
٥۔ دور جدید کے تمام سیاسی،معاشی،اخلاقی اور علاقائی پہلوں پردسترس رکھتا ہو۔
٦۔ تقریر و تحریر پر اچھی کمانڈ حاصل ہو اورقدیم و جدید لٹریچر کا وسیع مطالعہ اور وسعت ظرفی کا مالک ہو۔
٧۔ اپنے مسلک کے کسی معتبرادارے کا سند یافتہ ہو اور علاقے میں اچھی شہرت کا حامل ہو۔
٨۔ قانون کی زبان کو جانتا ہو۔

بد قسمتی یہ ہے کہ ہمارے ہاں خالص دینی و علمی مواقف بھی اب علمی اصولوں اور فتاویٰ نویسی کے قواعد و ضوابط کا لحاظ اور پابندی کرنے کے بجائے سیاسی، مسلکی اور علاقائی و لسانی حالات سے متاثر ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ بڑی بڑی معتبر علمی شخصیات اور معروف دارالافتاء بھی کسی بھی مسئلے کی وضاحت کرتے وقت دینی،شرعی، تحقیقی اور علمی حیثیت کو نظر انداز کرکے یہ دیکھنے لگتے ہیں کہ ہو ا کا رخ کس طرف ہے اور اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔ اور یہی حال ہماری عدالتی اور انتظامی فیصلوں کا ہے ۔ افسوس کے ساتھ کہنا اور لکھنا پڑھتا ہے کہ بعض دفعہ اپنی پسند اور ناپسند کو شرعی و دینی او ر قانونی و آئینی مسئلہ و معاملہ گرداناجاتاہے۔ بہر صورت ہم ان سطور کے ذریعے یہ عرض کریں گے کہ ممکنہ علماء بور ڈ کو ان تمام خرافات سے بچایا جانا چاہیے اور ان کے تمام فیصلے علمی بنیادوں پر ہونے چاہیے نہ کہ علاقائی، مسلکی اور سیاسی بنیادوں پر۔ اور اس کی سفارشات پر مکمل عمل درآمد ہونی چاہیے اگر اس کی بھی حالت گرینڈ امن جرگہ اور امن معاہدے کی طرح ہونی ہے تو الامان و الحفیظ۔

اگر حکومت یہ خیا ل کرتی ہے کہ اس طرح کے بورڈوں کے ذریعے علماء کو اپنے تابع بنایا جائے تو یہ اس کی خیام خیالی ہے۔انجمن امامیہ اور تنظیم اہل سنّت و الجماعت کے سرکردہ علماء کو مکمل مشاورت میں رکھا جانا چاہیے تاکہ توازن اور اعتدال قائم ہو سکے او ر بورڈ کی ابتداء بھی نیک شگون ہو۔علماء بورڈ/کونسل میں ریٹائرڈ ججز، ماہرین قانون اور کچھ ا یسے ارکان بھی شامل ہو جو طویل عرصہ اسلامی تحقیق و تدریس سے منسلک رہ چکے ہوں۔

Amir jan haqqani
About the Author: Amir jan haqqani Read More Articles by Amir jan haqqani: 443 Articles with 381478 views Amir jan Haqqani, Lecturer Degree College Gilgit, columnist Daily k,2 and pamirtime, Daily Salam, Daily bang-sahar, Daily Mahasib.

EDITOR: Monthly
.. View More