الطاف حسین کراچی سب کا ہے لہٰذا احتیاط!

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر، اس کا دل اوردر حقیقت پورا پاکستان ہے جس نے اپنی گود میں پنجابی ، پٹھان ،سندھی ، بلوچی اور کشمیری ہر ایک کو سمایا ہواہے اور اسی نے اُن قابل فخر لوگو ں کو بھی اپنی مادرانہ چادر کی چھاوئں میں پناہ دی جنہوں نے قیام پاکستان کے وقت اپنے گھر بارچھوڑے اور ہجرت کی تو کراچی اور کراچی والو ں نے ان آنے والو ںکو بڑی فراخدلی سے اپنی زمین اور گھر بار پیش کر دیے ۔ان مہاجرین نے کراچی اور کراچی نے ان مہاجرین کو عزت اور پیار دیا کسی نے کسی پر احسان نہں جتایا۔سالہا سال تک یہ شہر پیار اور محبت کا گڑھ بنا رہا لیکن بڑے دکھ اورافسوس کی با ت ہے کہ آج ہر ایک کراچی کا احسان ماننے کی بجائے اس پر احسان جتارہاہے بلکہ پاکستان پر احسان جتارہاہے کہ ہم نے اس ملک کی خاطر ہجرت کی۔ اول تو بات یہ ہے کہ وہ جنہو ں نے ہجرت کی تھی اُن میں چند ہی لوگ زندہ ہوں گے اوراب ابھی وہ پاکستان سے بے لوث محبت کرتے ہیں حکومت کے لیے نہیں ۔وہ نسل جو احسان جتا رہی ہے انہیں تو فخر سے کہنا چاہئے تھا کہ ہم ’’سن آف دی سوائل ‘‘ہیں لیکن تیسری نسل نے کہنا شروع کیا کہ ہم نے ہجرت کی ۔ کاش آپ عظمت کے اُس درجے پر ہوتے کہ آپ نظریے کی خاطر اپنی دولت چھوڑسکتے آپ تو حکومت کی خا طر اصو لوں پر یو ں سودے بازی کرتے ہیں جیسے آلو پیاز کی خرید وفروخت کر رہے ہوں۔

الیکشن 2013میں کراچی میں ہونے والی دھاندلی پر شہریوں کے احتجاج سے گھبراکر متحدہ قومی مومنٹ کے برطانوی قائد الطاف حسین نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر کراچی کا مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا جارہاتو کراچی کو پاکستان سے الگ کیا جائے یعنی حیرت ہے ایک غیر ملکی شخص کی خواہش پر پورا کراچی قربان کر دیا جائے یہا ںبر طانوی شہریت رکھنے والے الطاف حسین کو یہ بھی سمجھ لینا چاہئے کہ کراچی جتنا اردو بولنے والو ں کا ہے اُتنا ہر پاکستانی کا ہے بلکہ پاکستان کا ہر خطہ ہر صوبہ سب کا برابر کا ہے ۔ کیاپشاور ،پنڈی ، لاہور ، کوئٹہ حتی کہ دور دراز کے شہروں میں بھی اردو بولے والے نہیں ر ہتے اور کیا کوئی انہیں وہاں سے نکالنے کی بات کر تا ہے، ہر گز نہیں نہ ہی وہ مقامی آبادی کے نشانے پر رہتے ہیں لیکن کراچی میں جو حالات ہیں وہ الطاف حسین اور ان کے سا تھیوں نے پیدا کر رکھے ہیں خود ہی حالات بگاڑے جاتے ہیں اور پھر ان حا لات کا فائدہ اٹھایا جاتا ہے اور پاکستان کو توڑنے کی دھمکیا ں دی جاتی ہیں یہ لوگ خود کو سب کچھ کرنے اور کہنے کے لیے آزاد سمجھتے ہیں نہ پاکستان ان کی دست برد سے محفوظ رہتا ہے نہ قومی نظریہ اور رہنما پچھلے دنوں اُس نے قائد اعظم کی ذات پر جس طرح حملے کیے وہ ایک مخصوص ذہنیت کی عکاسی ہے وہ ذہنیت جنہیںہدایات کہیں اور سے ملتی ہیں اور کارندے وہ ہوتے ہیں اور عام لوگ ان کے یر غمال، ورنہ میں جتنے اردو بولنے والو ں سے بات کرتی ہوں چاہے وہ کراچی کے ہو ں ،پشاور کے یا پنجاب کے میں نے کسی کو ان خیالات کا حامی نہیں پایا بلکہ شدید مخالفت کرتے ہی سنا ۔پھرآخر وہ کون سے حربے ہیں جو مجبور لوگوں پر آزمائے جاتے ہیں اور لندن سے بیٹھ کر ان کی ڈورکھینچ لی جاتی ہے۔ الطاف حسین کے موجودہ بیان پرملک بھرمیں شدیدردعمل آیا اور لندن پولیس کو الطاف حسین کے خلاف ایک رپورٹ کے مطابق پانچ لاکھ سے زیادہ کالیں موصول ہوئیںکہ اس طرح کے بیانات کے تناظرمیں اُس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے لیکن اگر حکومت پاکستان دلچسپی نہ لے تو کسی اورحکومت کو کیا فرق پڑتا ہے۔بحر حال الطاف حسین برطانوی شہری ہے اس سے پوچھاجائے کہ وہ ہمارے ملک کے خلاف ہرزہ سرائی کیسے اور کیوں کرتاہے اور کیوںاس کی حکومت اس سے نہیں پوچھتی کیا حکومت برطانیہ کسی پاکستانی کواجازت دے گی یا برداشت کرے گی کہ وہ اس کے خلاف پاکستان سے سازش کرے۔

حیرت ہمارے میڈیاپر بھی ہے کہ جانتے بوجھتے ہوئے بھی کہ الطاف حسین کے خطاب، خطاب کم اور سازشیںزیادہ ہوتی ہیں پورا خطاب بڑے ذوق و شوق اور پابندی سے ٹیلی کاسٹ کیاجاتا ہے کیا ان ٹیلیفونک خطابات کو بند نہیںکیا جاسکتاکہ فساد کم پھیلے اورآخراس بات پرکوئی کاروائی کیوں نہیںکی جاتی کہ بار بارایسے بیانات کیوںد یے جا رہے ہیںکہ کراچی کواردو بولنے اور نہ بولنے والوںمیں کیوں تقسیم کیا جاتا ہے اردو تو پورے پاکستان کی زبان ہے۔ تقسیم ہندسے پہلے بھی پورے ہندوستان میں بولی جاتی تھی ورنہ علامہ اقبال،مولا نا ظفر علی خان اورسردارعبدالرب نشتراردونہ لکھتے۔لیکن مصطفی کمال علی لاعلان اورببانگ دہل ٹی وی پر بیٹھ کر کراچی کو اسی بنیاد پر تقسیم کر رہا تھاجب کہ کراچی میں توشاہی سید بھی اردو بولتاہے اور نازبلوچ بھی چاہے ان کی مادری زبان کوئی بھی ہے۔ایم کیوایم اگر قومی جماعت بنناچاہتی ہے اور قومی سیاسی دھارے میں شامل ہوناچاہتی ہے تو اسے اپنی ان پالیسیوںمیںتبدیلی کرنا ہو گی اور اپنی قیادت بھی تبدیل کرنا ہوگی ورنہ جب ایک پنجابی ، پٹھان ، سندھی ، بلوچی یا کشمیری دیکھے گا کہ نہ اُس کا ذکرہے نہ فکر تو کیا وہ اُس جماعت کو ووٹ د ے گا۔سیا ست مخصوص گروہوں کے حقوق کے تحفظات کے لیے نہیں بلکہ قومی معاملات کے لیے جاتی ہے مخصوص علاقوں، آبادیوں اور گروہوں کے ل لیے فلاحی تنظیمیں اور این جی اوز کام کرتی ہیں تو کیا ایم کیو ایم ہمیشہ ایک علاقائی تنظیم اورلسانی گروہ رہے گی یا آگے بڑھے گی اوراُس کی قیادت اُسے دہشت گرد ی کے لیبل سے آزاد بھی کرے گی یا نہیں ۔ اس بار تو الطاف حسین نے سر عام اُس میڈیا کو بھی للکارا جس نے ہمیشہ اُسے سنجیدہ قومی سیاست دانو ں سے زیادہ اہمیت دی اُس نے میڈیا کو یاد دلایا کہ’’ کتوں کے بھونکنے‘‘ سے کارواں رُکتے نہیںہیں ۔ بنگلہ دیش بننے کی یاد دہانی بھی وہ کراتے ر ہتے ہیں بلکہ اب کی بار تو انہو ں نے جرنیلو ں کو بھی اپنا مرہون منت کہاتو اُن سے ایک سوال ہے کہ کیامشرقی اور مغربی پنجاب کے درمیان ہجرت میں لاکھوں خاندان تہہ و تیغ نہ ہوئے کیا وہ بھی لاہور کو امر تسر بنانے کی دھمکی دینے لگ جائیں تو پھر آخر ہمارے بزرگو ں نے یہ ملک کیوں ہی بنایا تھا کیا وہ بے وقوف تھے یا ظالم تھے جنہوں نے خون بہایا۔

یہاں میرے کچھ سوالات حکومت ، میڈیا اور عدلیہ سے ہیں کہ ہر حکومت پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت قائم کرنے اور رکھنے کے لیے ان ساری باتوں کو کیوں بھلادیتی ہے ، میڈیا کے کچھ اینکرز ان کے گن گاتے کیوں نہیں تھکتے ، کیوں ہر خطاب اور ہر زہ سرائی کو من وعن پیش کرتے ہیں اُس کے بارے میں سو چتے کیوں نہیں اور عدلیہ جو سوموٹو لینے کے لیے کسی واقعے کی تاک میں رہتی ہے کہ کہیں کو ئی واقعہ ہو اور عدالت میدان میں آجائے یہا ں کیو ں چپ رہ جاتی ہے۔ کیا ان سب کے پاس اس کی کچھ وجوہات بیان کرنے کے لیے ہو نگی تا کہ قوم بھی اُن سے آگاہ ہو اور سب سے بڑھ کر کراچی کے لوگ بھی بتائیں کہ آخر وہ کون سے عوامل ہیں جنہوں نے یو ں اُن کی زبانوں پر تالے لگائے ہوئے ہیں کہ وہ کچھ بولتے نہیں کیا اس زمین اور قوم کا ان سب پر کوئی حق نہیں ۔
Naghma Habib
About the Author: Naghma Habib Read More Articles by Naghma Habib: 514 Articles with 508204 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.