تھائی لڑکے کو لڑکی سمجھنا

تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں لڑکوں کی شان نرالی ہے یہاں پر ایسے لڑکے میں نے دیکھے جن کے بال ہمارے ہاں کے لڑکیوں سے بھی زیادہ لمبے ہوتے ہیں اور انہوں نے کانوں میں ائیر رنگ ڈالے ہوتے ہیں میں خود بھی ایک لڑکے کو لڑکی سمجھنے کی غلطی کر بیٹھا-

لڑکے کو لڑکی سمجھنے کی غلطی میں نے گیسٹ ہاؤس میں کی -میں گیسٹ ہاؤس میں سویا ہوا تھا کہ صبح سویرے گانے سے میری آنکھ کھل گئی میں گانے کی آواز سننے کیلئے دیوار کیساتھ کان لگائے چونکہ دیوار لکڑی کی تھی تو آواز آرہی تھی باریک سی آواز میں لڑکی گانا گا رہی تھی - صبح سویرے لڑکی کی آواز میں گانا اورآواز بھی پیاری تھی -میں جلدی سے سلیپر پہن کر کمرے سے باہر آگیا کہ چلو دیکھ تو لو کہ کیسی " لڑکی "ہے -طبعیت میں تو ہماری بھی شوخ ہے اور ویسے بھی بیرون ملک ہے اپنے ملک میں تو بیگم کے ڈر سے کسی کو دیکھ نہیں سکتے اب یہاں تو کوئی بھی نہیں - سو میں کمرے سے باہر نکل آگیا باہر نکل کر دیکھا تو وہ صفائی میں مصروف تھی بالوں کی پونی بنائی ہوئی تھی جینز اور شرٹ میں وہ فرش کی صفائی میں لگی ہوئی تھی میری طرف اس کی پشت تھی -

میں نے اس کو دیکھ کر دل میں سوچا کہ دیکھو کتنی پیاری آواز والی لڑکی ہے اور اس کی محنت دیکھو صفائی بھی کتنی خوبصورتی سے کررہی ہے میرے دل میں " مردانہ ہمدردی"کے جذبات بھی ابھرے اس لئے میں جلدی سے اسے سامنے سے دیکھنے کیلئے آگے گیادل میں سوچ رہا تھا کہ اگر خوبصورت ہوئی تو اس سے کسی بہانے سے بات کرونگا -آگے جا کر شکل دیکھنے پر پتہ چلا کہ یہ 'موصوفہ"نہیں بلکہ "موصوف " ہے اس کو دیکھنے کے بعد میرے سارے مردانہ ہمدردی کے جذبات بھی ختم ہوگئے اور اپنے اوپر ہنسی بھی آرہی تھی کہ یہاں بھی لمبے بالوں کی بیماری ہے -

ہم لوگ تو اپنے پاکستان میں لڑکوں کوروتے ہیں یہاں بنکاک کے لڑکے تو پاکستانی لڑکیوں سے بھی دو ہاتھ آگے ہیں کیونکہ ان کے کانوں میں دو مختلف اقسام اور رنگوں کے ائیر رنگ بھی ہوتے ہیں- یہاں آکر پتہ چلا کہ لڑکوں اور لڑکیوں میں کوئی فرق نہیں لڑکیاں لڑکوں کی طرح چھوٹے بال کاٹتی ہیں ہر لڑکی نے کانوں میں مائیکروفون ڈالا ہوتا ہے اور گانے سنتی ہیں یہاں پر موبائل فون بہت زیادہ سستے ہیں جو موبائل فون ہمارے ہاں پاکستان میں تین ہزار روپے کا ملتا ہے وہ بنکاک میں چودہ سو روپے میں فروخت ہوتا ہے فرق صرف اتنا ہوتا ہے کہ ہمارے موبائل فون پر اردو اور عربی زبان میں حروف تہجی لکھے ہوتے ہیں جبکہ تھائی لینڈ میں فروخت ہونیوالے موبائل فون میں تھائی زبان کے حروف تہجی ہوتے ہیں -

جس طرح ہمارے ہاں موبائل فون میں ایف ایم چینل سنے جاتے ہیں اسی طرح ان کے ہاں بھی ہوتا ہے تاہم وہاں پر اتنے ایف ایم چینل موبائل فون کے ذریعے سنے جاتے ہیں کہ سننے والا حیران رہ جاتا ہے کہ میں کیا سنوں اور کیا نہ سنوں -اور جب میرا طرح کا کوئی سیاح ہو تو پھر تو بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ الفاظ کی سمجھ تونہیں آتی لیکن موسیقی کی اپنی ایک زبان ہوتی ہے - خیر بات لڑکیوں کی ہورہی تھی تھائی لڑکیاں گانے سننے کی بہت شوقین ہوتی ہیں اسی وجہ سے ہر وقت ان کے کانوں میں ہیڈ فون لگے ہوتے ہیں -

میں بنکاک کے ایک بازار میں گھوم کر ونڈو شاپنگ کررہا تھا اور مجھے کچھ معلومات کی ضرورت تھی پاس گزرنے والی ایک لڑکی کو آواز دی لیکن وہ لفٹ ہی نہیں کروا رہی تھی آخر کار مجبور ہو کر لڑکی کو اشارہ کیا تو اس کی سمجھ میں آیا اور کانوں سے ہیڈ فون اتار کر میری بات سنی اور مجھے معلومات دی اس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ تھائی لڑکیاں گانے سننے کی کتنی شوقین ہوتی ہیں-
Musarrat Ullah Jan
About the Author: Musarrat Ullah Jan Read More Articles by Musarrat Ullah Jan: 590 Articles with 420057 views 47 year old working journalist from peshawar , first SAARC scholar of kp , attached with National & international media. as photojournalist , writer ,.. View More