رائل فیملی اور قانون کی حکمرانی

ملکہ الزبتھ نہ صرف برطانیہ کی ملکہ ہے بلکہ وہ کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ سمیت 15 ممالک کی بھی ملکہ ہے اور ان ممالک کے شہریوں کو ملکہ سے وفاداری کا حلف اٹھانا پڑتا ہے۔

ملکہ الزبتھ کے بھتیجے سائمن نے پچھلے سال اپنے سکاٹ لینڈ کے محل میں دوست احباب کیلئے پارٹی رکھی اور انہیں رات وہیں گزارنے کی دعوت دی۔ رات بارہ بجے کے قریب وہ ایک خاتون کے کمرے میں داخل ہوا اور اس سے ......تعلق کی خواہش کا اظہار کیا۔ خاتون نے یہ آفر رد کردی۔ سائمن نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا اور اصرار کیا۔ خاتون نے اس کا ہاتھ جھٹک کر اسے کمرے سے نکل جانے کا کہا۔ سائمن اس خاتون کو مغرور، بدتمیز اور بددماغ کہہ کر وہاں سے نکل گیا۔

اس خاتون نے رات وہیں گزاری اور اگلے دن یہ واقعہ پولیس میں رپورٹ کردیا۔ مقدمہ درج ہوا اور کارروائی شروع ہوگئی۔ ابتدا میں سائمن نے اس واقعہ کی تصدیق سے انکار کردیا لیکن اس معاشرے میں عام طور پر جھوٹ نہیں بولا جاتا، سب لوگوں کو یقین تھا کہ وہ خاتون سچ کہہ رہی ہے، جب اخلاقی دباؤ پڑا تو سائمن نے بالآخر اپنے جرم کا اقرار کرلیا۔

کل برطانوی عدالت نے سائمن کو خاتون پر جنسی حملہ کرنے کے جرم میں دس ماہ کیلئے جیل بھیج دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس جرم کی کم سزا بھی ہے اور بغیر جیل بھیجے بھی سزا دی جاسکتی تھی لیکن ملزم کو سخت ترین سزا اس لئے دی جارہی ہے تاکہ وہ آئیندہ اپنی حیثیت اور مرتبے کا ناجائز فائدہ مت اٹھائے۔

اس سارے مقدے کے دوران 15 ممالک کی ملکہ الزبتھ نے نہ تو خاتون کو پریشرائز کرکے اپنا مقدمہ واپس لینے کا حکم دیا، نہ ہی پولیس پر دباؤ ڈالا کہ وہ کارروائی نہ کریں، نہ عدالت کو مجبور کیا کہ وہ سائمن کو سزا نہ دے۔

یہ ہے ایک کافر ملک برطانیہ، اور یہ ہیں وہاں کے حکمران، عدلیہ اور پولیس جیسے ادارے۔

دوسری طرف آپ پاکستان میں دیکھیں۔ بااثر لوگ سڑکوں پر غریبوں کو گاڑیوں تلے کچل دیتے ہیں اور عدالتیں انہیں رہا کردیتی ہیں۔ ایک ایک کرکے تمام مجرم رہائی پاجاتے ہیں اور مظلوم دیکھتے رہ جاتے ہیں۔

قرآن میں اللہ نے بار بار اسی لئے فرمایا کہ ہم نے رسول اس لئے بھیجے کہ وہ زمین پر انصاف کا نظام قائم کریں۔
قائم بالقسط۔

مسلمان ممالک نے انصاف کا نظام قائم کرنا تو دور، لفظ انصاف کو بھی گالی بنا کر رکھ دیا۔

دوسری طرف کفار نے اسی انصاف کے نظام کو پوری طرح نافذ کرکے دکھا دیا۔ نتیجہ سامنے ہے۔ آج کفار پوری دنیا پر غالب ہیں کیونکہ انہوں نے اللہ کے حکم کی تکمیل کردی!!!
 
Qazi Nadeem Ul Hassan
About the Author: Qazi Nadeem Ul Hassan Read More Articles by Qazi Nadeem Ul Hassan : 148 Articles with 127649 views Civil Engineer .. View More