اسکول سے یونیورسٹی تک کی معیاری تعلیم گھر بیٹھے حاصل کرنے کے موثر ذرائع

 ایجوکیشنل ایپسEducational Apps


کووڈ(Covid-19)نے دنیا کے معمولات کویکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔ آن لائن کام اور آن لائن تعلیم کارحجان اس وبائی مرض کی وجہ سے بہت زیادہ زور پکڑتا جارہا ہے اور حالات کے معمول پر آنے کے بعد بھی قوی اندیشہ ہے کہ اس رحجان میں شائدہی کوئی کمی واقع ہوپائے۔کے جی تا پی جی طلبہ کو لکھنے پڑھنے اور سیکھنے کے عمل میں مددگار ایسی کئی ایپس موجود ہیں جس سے استفادہ کرتے ہوئے طلبہ اپنے تعلیمی نقصان کی پابجائی کرسکتے ہیں۔صحت و طبی نکتہ نظر سے وباء کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے دنیا بھر میں اسکولز،کالجز اور یونیورسٹیز کو بند کردیا گیا جس کی وجہ سے طلبہ کا بہت زیادہ تعلیمی نقصان ہورہا ہے۔پڑھنے،لکھنے اور سیکھنے کا شوق رکھنے والے طلبہ حتیٰ کہ تعلیم بالغان کے لئے تعلیمی ایپس اور ویب سائٹس کی کوئی کمی نہیں ہیں۔ان ایپس اور ویب سائٹس سے طلبہ اپنی تعلیمی پیاس کوبجھا سکتے ہیں۔اپنے علم میں اضافے کے متمنی طلبہ کے لئے ایسی تعلیمی ویب سائٹس اور ایپس موجود ہیں جو مفت آئن لائن تعلیم فراہم کررہی ہیں۔ فی زمانہ ایجوکیشنل ایپس کی کوئی کمی نہیں لیکن بہت ہی کم ویب سائٹس او رایپس ایسی ہیں جو معیار اور اعتبار کی کسوٹی پر پوری اترتی ہیں۔ ذیل میں 31ایسے تعلیمی ایپس کے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں جو معلومات اور معیار مطابق ہیں اور جن سے استفادہ کرتے ہوئے طلبہ اپنے تعلیمی سفر کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری و ساری رکھ سکتے ہیں۔
کورسیراCoursera؛ہارورڈ یونیورسٹی ،آکسفورڈ یونیورسٹی لندن اور کالیفورنیا یونیورسٹی میں پڑھنا ہر طالب علم کا خواب ہوتا ہے۔ لیکن زیادہ تر طلبہ ان اعلیٰ درجے کے تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل نہیں کر پاتے ہیں۔ کورسیرا ادب( لٹریچر) ، سائنس ، آرٹس ، انجینئرنگ ، اور ٹیکنالوجی جیسے مختلف شعبوں میں ہارورڈ یونیورسٹی ،آکسفورڈ یونیورسٹی لندن اور کئی اعلیٰ جامعات کے مفت کورسز فراہم کرتا ہے۔کورس کی تکمیل پر سند(سرٹیفیکیشن) بھی مفت فراہم کی جاتی ہے۔کورسیرا ایپ کے علاوہ گوگل پر بھی مفت کورسز اور سرٹیفیکیشن فراہم کرتا ہے۔کورسیرا کے چند کورسز پیڈ ہیں جن کی فیس ادا کرنالازمی ہے۔
ڈوؤ لنگو Duolingo؛ڈوؤ لنگو Duolingo زبان سیکھنے کی ایک مفت ایپ ہے۔یہ دنیا کی38مختلف زبانوں کو سکھانے والے (لسانیات) 98مختلف کورسز فراہم کرتا ہے۔ڈوؤلنگو ویڈیو گیمز کی طرح کام کرتا ہے۔یعنی آپ ایک مرحلہ(لیول) کی تکمیل کے بعد ہی دوسرے مرحلے کے اہل ہوپاتے ہیں۔جب آپ ایک لیول کو مکمل کرلیتے ہیں تو یہ آپ کو انعام کے طور پر خیالی(ورچول) سکے(کوائنس) دیتا ہے جو آپ کو اگلے مرحلے (لیول) تک لے جاتے ہیں۔امتحان کے دوران غلطی پر مفت ٹپس بھی دی جاتی ہیں اور اصلاح کے طریقے بھی سیکھائے جاتے ہیں۔ڈوؤلنگو کسی ایک زبان کے درس و اکتساب پر مبنی جملہ 34لکچرس فراہم کرتا ہے جو یونیورسٹی سمسٹر کے برابر ہوتے ہیں۔

فوٹومیاتھPhotomath؛فوٹو میاتھ ایک ایسی ایپ ہے جو ریاضی کے سوالوں کو حل کرتی ہے۔اس ایب میں آپ ریاضی کا جو سوال حل کرنا چاہتے ہیں اس کی تصویر کو اسکیان کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔سوال کی تصویر لیتے ہی آپ کا سوال حل ہوجاتا ہے۔سوال کو حل کرنے کے اسٹیپس(طریقے) بھی واضح انداز میں دیکھائے اور سمجھائے جاتے ہیں۔اگر کوئی طالب علم جو ریاضی میں کمزور ہے اور ریاضی کو مشکل تصور کرتا ہے تو فوٹو میاتھ اس کے لئے آسانیا ں فراہم کردے گا اور ریاضی (میاتھ)سیکھنے میں اس کے لئے بے حد مددگار ثابت ہوگا۔ طلبہ اس ایپ کے ذریعے اپنی ریاضی کی کمزوریوں کو دور کرسکتے ہیں۔کسی بھی ریاضی کے سوال کو حل کرنے کے لئے صرف آپ کو سوال اسکیان کرنے کی ضرورت ہے۔

یوڈیمیUdemy؛یوڈیمی(Udemy)آئن لائن تدریسی ایپس میں سے ایک ہے۔یہ مفت اور فیس پر مبنی دونوں قسم کے کورسز فراہم کرتا ہے۔یوڈیمی کی توجہ کا مرکز مائیکرو سوفٹ سوفٹ وئیرہے جس میں ریاضی ،طبیعیات،کیمسٹری جیسے تعلیمی مضامین کی تعلیم دی جارہی ہے۔اس میں ایپ ڈوپلپمنٹ ،ویب سائٹ ڈوپلپمنٹ،سافٹ ویئر ڈوپلپمنٹ وغیرہ جیسے کئی پروجیکٹ کی تعلیم و تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

خان اکیڈمیKhan Academy؛آن لائن سیکھنے کا ایک اور مفت ذریعہ خان اکیڈمی ہے۔ یہ روایتی مضامین فزکس ، ریاضی ، کیمسٹری وغیرہ جیسے کئی مضامین پر خاص طورپر توجہ مرکوزکئے ہوئے ہے۔ آپ خان اکیڈمی پر بہت ساری مختلف نت نئی چیزیں سیکھ سکتے ہیں۔ خان اکیڈمی کی منفرد خصوصیت یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر ایک مفت ایپ ہے۔ اس کے لئے آپ کو ایک پیسہ بھی ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

سولولرنSoloLearn؛سولولرن گوگل پلے اسٹور کی ایک ایپ ڈوپلپمنٹ کمپنی ہے۔یہ کمپیوٹر لینگویج سیکھنے کے مختلف کورسز بالکل مفت پیش کرتی ہے۔آپ اس ایپ کے ذریعےHTML،CSS، جاوا اسکرپٹ(Java Script)، پئی تھان(Python)،C++اور دیگر کمپیوٹر لینگویجس سیکھ سکتے ہیں۔ہر کمپوٹر لینگویج کے لئے ایک ایپ ہے اور یہ تمام ایپس بالکل مفت دستیاب ہیں۔

لنکڈ ان لرننگLinKedIn Learning؛پیشہ ورانہ مہارتیں سیکھنے کے لئے لنکڈ ان لرننگ (LinKedIn Learning) جدید ایپس میں سے ایک نیاایپ ہے۔ اس میں کورسز کی پلے لسٹس (فہرست) کے ساتھ ایک بہت ہی آسان انٹرفیس(سوفٹ وئیر کاسامنے نظرآنے والا حصہ) موجودہے۔ لنکڈ لرننگ ایپ ملازمت سے متعلق مہارتوں جیسے آفس کے کام وغیرہ کی مہارت ، تخلیقی صلاحیتیں اور ان سے متعلقہ دیگردوسری چیزیں و مہارتیں فراہم کرتا ہے۔ مختلف پیشہ ورانہ مہارتیں سیکھنے کے لئے یہ پلٹ فارم نہایت کارآمد، موثر ، کارگر اور معاون ثابت ہوا ہے۔ پیشہ ورانہ اور دفتری مہارتوں کوسیکھنے کا یہ بہترین وسیلہ ہے۔ غیر پیشہ ورانہ مہارتوں جیسے کھانا پکانا وغیرہ کو سیکھنے میں یہ کوئی مدد فراہم نہیں کرتا ہے۔

امیز زون کنڈلAmazon Kindle؛امیز زون کنڈل(Amazon Kindle) سیکھنے کا ایک اور موثر و کارآمدذریعہ ہے۔ آپ اسے انسٹال کرسکتے ہیں اور اس سے کتابیں بھی خرید سکتے ہیں۔ امیزون کنڈل کتابیں روایتی کتابوں(کاغذی کتابوں) کے مقابلے میں کم مہنگی ہوتی ہیں۔ آپ امیزون کنڈل سے کتابیں پڑھ سکتے ہیں ، اسٹور کرسکتے ہیں اور ڈاؤن لوڈ بھی کرسکتے ہیں۔ امیزون کنڈل کے مماثل دیگر دواور گوگل پلے بکس((Google Playbooks ، اور nooks دو متبادل بھی موجود ہیں۔ آپ ان دو ایپس گوگل پلے بکس(Google Playbooks) اور nookپر بھی کتابیں پڑھ سکتے ہیں۔

ولفرام الفاWolframAlpha؛ولفرام الفاWolframAlpha سنجیدہ طلبہ (اسکالرس) کے لئے ایک بہترین ایپ ہے۔ اس ایپ میں تقریباً سبھی موضوعات پر معلومات موجود ہیں۔ ریاضی ، طبیعیات ، کیمسٹری ، جغرافیہ ، فلکیات ، انجینئرنگ اور بہت سارے دیگر مضامین کی بہت ہی عمدہ معلومات اس ایپ میں موجود ہیں۔ آپ جس عنوان پر معلومات حاصل کرنا چاہیں طلب کرتیہیمتعلقہ مضامین کی معلومات حاصل ہو جائیں گی اور مضمون سے متعلق معلومات کے اطلاق میں بھی یہ آپ کی رہبری کرتا جائے گا ۔ اس ایپ میں متعدد موضوعات جیسے ریاضی اور دیگر مضامین کے بہت سارے لیکچرز موجود ہیں۔ بدقسمتی سے ، یہ مفت حاصل نہیں کیا جاسکتا اس کے حصول (انسٹالیشن )کے لئے آپ کو تین ڈالر ادا کرنے پڑیں گے۔

یوٹیوبYouTube؛یوٹیوبYouTubeنئی چیزیں سیکھنے میں معاون بڑے وسیلوں میں سے ایک موثر وسیلہ ہے۔ اس پرہر عنوان کے لامحدود لیکچرز موجود ہیں۔ یہ مفت تعلیمی ، پیشہ ورانہ ، غیر پیشہ ورانہ اور دیگر کئی مہارتیں سیکھنے میں مددگار ہے۔ آپ یوٹیوب سے تقریبا ہر چیز سیکھ سکتے ہیں۔ یہ آپ کو اپنی زندگی میں درپیش مسائل کو حل کرنے میں بھی مددفراہم کرتاہے۔ آپ کو صرف یوٹیوب پر اپنا مسئلہ ٹائپ( چسپاں) کرنا ہے اور یہ مسئلے کا حل دکھادے گا۔ یوٹیوب مفت دستیاب ہے لیکن اس کا ایک پری مییم ورژن یوٹیوب ریڈ(YouTube red) کی قیمت ادا کرنی ہوگی۔ اس کیقیمت ماہانہ نو (9)امریکی ڈالر ہے اس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ اشتہارات سے پاک ویڈیوز اور دیگر پری مییم خصوصیات بھی فراہم کرتا ہے۔

edX؛ای ڈی ایکس(edX) کورسیراکی طرح کا ایک ایپ ہے۔ یہ بھی ہارورڈ ، ایم آئی ٹی ، کولمبیا جیسی اعلیٰ درجے کی یونیورسٹیز کے کورسس فراہم کرتا ہے۔ اس میں کمپیوٹر سائنس ، انجینئرنگ ، سائنس ، اور کئی دیگر 2000 مختلف کورسز مفت فراہم کئے گئے ہیں۔ جب آپ کوئی کورس مکمل کرتے ہیں تو یہ کورس کی تکمیل کا سرٹیفکیٹ بھی عطا کرتا ہے۔ اس سے آدمی کو اپنا پیشہ ورانہ کیریئر بنانے میں بہت زیادہ مدد ملتی ہے۔

ریمائنڈRemind؛نئی چیزیں سیکھنے کے لئے گروپ اسٹڈیز(اجتماعی مطالعہ،پڑھائی) ہمیشہ بہترین عمل ثابت ہوا ہے۔ لیکن ایک ہی چھت کے نیچے کئی طلبہ کے ساتھ ہر طالب علم خود کو ایڈجسٹ نہیں کر پاتا ہے۔ریمائنڈ(Remind) ایک ایسا ایپ ہے جس کے ذریعے آپ اپنے اسکول کے دوستوں کے ساتھ گروپ اسٹڈیز کے لئے جڑسکتے ہیں۔بچوں کی نگرانی کے لئے اساتذہ اور والدین کو بھی اس ایپ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ ایک بار جب آپ کلاس میں شامل ہوجائیں گے تو ، آپ کو کلاس سے متعلق تمام اپڈیٹس اور اعلانات موصول ہوجائیں گے۔ اپنی جماعت کے ساتھ آپ فوٹوز اور دیگر مطالعاتی مواد بھی شیئر کرسکتے ہیں اس کے علاوہ آپ تمام کو یا اپنے کسی دوست کو نجی پیغام بھی بھیج سکتے ہیں۔

کوئزلیٹQuizlet؛کوئزلیٹQuizlet سیکھنے کی ایک ایسی ایپ ہے جس پر منجملہ ریاضی ،سائنس اور مختلف مضامین و موضوعات کا وافر مواد موجود ہے۔ کوئزلیٹ کی منفرد خصوصیت یہ ہے کہ اس میں فلیش کارڈزپائے جاتے ہیں۔ فلیش کارڈز طلبہ کو معلومات اور اشیاء کو یاد رکھنے میں مددگارہوتے ہیں۔ طلبہ کی دلچسپی کی برقراری کے لئے اس میں گمیز Gamesبھی موجود ہیں۔طلبہ مختلف اکتسابی گیمز کھیلتے ہوئے اکتساب کو فروغ دے کر اپنے تعلیمی مقاصد حاصل کرسکتے ہیں۔

کہوٹKahoot؛کوئزسیکھنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔ Kahootایک ایسا ایپ ہے جس میں مختلف موضوعات پر بہت ساری ریڈی میڈکوئزدستیاب ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے آپ راست کوئزس (Live Quizzes) میں شامل ہوسکتے ہیں اور دوسروں کے ساتھ مقابلہ بھی کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ اپنی پسند کی کوئز کا انتخاب کرتے ہوئے اپنے دوست کو مقابلے کے لئے چیلنج بھی کرسکتے ہیں۔Kahoot آف لائن بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔

ساکریٹو اسٹوڈنٹSocrative Student؛طلبہ کے لئے ساکریٹیو اسٹوڈنٹ ایپ ایک بہت ہی مفید ایپ ہے۔ یہ ایپ اساتذہ اور طلبہ کو جوڑتا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے اساتذہ آن لائن کوئز اور پولز (Pools)کا انعقاد کرسکتے ہیں جس سے طلبہ اپنی تعلیمی حالت کو بہتر کرسکتے ہیں۔

نیئرپوڈNearpod؛نیئرپوڈNearpod ساکریٹیٹو اسٹوڈنٹ Socrative Studentایپ ہی کی طرح کا ایک ایپ ہے۔ یہ اساتذہ کو کوئز اوپولز(Pools) منعقد کرنے، اسائن منٹس تفویض کرنے اور ہر طالب علم کی پیشرفت پر نگاہ رکھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

ناساNASA؛طلبہ نظام شمسی اور ناسا کے مشینوں کے بارے میں جو کچھ جاننا اور سیکھنا چاہتے ہیں وہ اس ایپ کی مدد سے سب کچھ کر سکتے ہیں۔ناساNASA کے ایپ پر اس کی مشینوں کی تصاویر ، ویڈیوز اور متن دستیاب ہیں۔

ایڈموڈوEdmodo؛ایڈموڈوEdmodo اساتذہ کے لئے تیار کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے کام کے بوجھ کو کم کرسکیں۔ اساتذہ اپنے لیکچر اس ایپ پر اپ لوڈ کرسکتے ہیں ، کوئزز منعقد کرسکتے ہیں اوراس پر مختلف مواد بھی شائع کرسکتے ہیں۔ یہ دوسروں کے ساتھ معلومات بانٹنے کا ایک بہترین سماجی مواصلاتی ایپ ہے۔

پیازاPiazza؛پیازاPiazza سوال جواب پر مبنی ایپ ہے۔ پیازاPiazza پر ہزاروں انسٹرکٹر موجود ہیں۔ اس پلٹ فارم کے ذریعے طلبہ اپنے سوالاتپیش کرتے ہوئے انسٹرکٹرس سے ان کے جوابات حاصل کرسکتے ہیں۔

میم رائزMemrise؛میم رائزMemrise انگریزی الفاظ پر مشتمل ایک ایسا ایپ ہے جس میں انگریزی الفاظ یاد رکھنے کے لئے مختلف تخلیقی طریقے استعمال کئے گئے ہیں۔ اس ایپ کی بنیادی توجہ طلبہ کو انگریزی الفاظ کی مؤثرتدریس ہے۔ اسے آف لائن بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ٹی ای ڈیTED؛ٹی ای ڈیTEDایک ایساتعلیمی ایپ ہے جس میں متعدد موضوعات جیسے ریاضی ، سائنس ، کاروبار(تجارت) ، ڈیزائن ، ایجاد و اختراع ، وغیرہ پر بہت سارے ویڈیولیکچر زموجودہیں۔ اپنے علم میں اضافے کے لئے اس ایپ کا استعمال بہت کارگر ثابت ہوگا۔

ویکیپیڈیاWiKipedia؛ویکیپیڈیاWiKipedia حصول علم کا ایک مستند وموثر پلٹ فارم ہے۔ اس ایپ میں ہر مضمون،موضوع و عنوان کے بارے میں بہت سی معلومات موجود ہیں۔ آپ پیشہ ورانہ طریقے سے ویکیپیڈیاWiKipedia سے ہر چیز کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ویکیپیڈیاWiKipedia کا اپنا ایک ایپ بھی ہے۔

بچوں کے لئے بہترین تعلیمی ایپس
بچوں کے لئے یوٹیوبYouTube Kids؛یوٹیوب نے چھوٹے بچوں کے لئے بھی ایک ایپ تیار کی ہے۔یہ ایپ2-12 سال کی عمر کے بچوں کے لئے ہے۔ بچے تفریحی ، دوستانہ اور دلچسپ انداز میں اس ایپ کے ذریعے موثر طریقے سے سیکھ سکتے ہیں اور نہ صرف سیکھتے ہیں بلکہ اس ایپ کی دل فریب خصوصیات کی وجہ سے حصول علم میں ہمہ تن مصروف بھی رہتے ہیں۔اس ایپ پر موجود مواد کو کافی کاوشوں اور چھان بین کے بعد بچوں کے معیار ونفسیات کے مطابق سازگار بنایا جاتا ہے۔

ای پکEpic؛اگر آپ کے بچے کتابیں پڑھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں توای پکEpic ایپ آپ کے بچے کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔ای پکEpic میں بچوں کے لئے بہت ساری معیاری کتابیں موجود ہیں۔ اس میں تقریباً 40000کتابیں موجود ہیں ۔ 12 سال سے کم عمر بچوں کے لئے پڑھنے کی کتابوں میں مزید اضافہ کرناای پک Epicکا اہم مقصد ہے۔ کتابوں کی ان کے موضوعات کے تحت درجہ بندی انجام دی گئی ہے۔

ہنگری کیٹرپلر پلے اسکولHungry Caterpillar Play School؛بچوں کی ایپس میں یہ ایپ دنیا کے 25 ممالک میں سرفہرست درجہ (نمبرایک) رکھتا ہے۔۔ اس ایپ کو استعمال کرکے بچے ریاضی ، سائنس ، ہجے (Spelling)، گرائمر اور بہت سی دوسری چیزیں سیکھ سکتے ہیں۔ یہ ایپ بچوں کے سیکھنے کے پسندیدہ طریقوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔یہ ایپ باہمی گفت و شنید (انٹرایکٹو)مواد کے ساتھ ویڈیوز بھی پیش کرتا ہے۔

پی بی ایس کڈس اینڈلرن سائنس PBS Kids Play and Learn Science؛پی بی ایس کڈس اینڈلرن سائنس PBS Kids Play and Learn Scienceبچوں کا ایک مشہور ایپ ہے۔اس ایپ کے ذریعے بچے کھیل کھیل میں سائنس سیکھلیتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے بچوں کوباقابو موسم(Control weather) جیسے بامعنی کھیل کھیلنے اور نئی سائنسیاشیاء کی تیاری میں مواد کے انتخاب وغیرہ جیسے امور میں مدد ملتی ہے۔ ایپ کی بنیادی توجہ بچوں کو روزمرہ کی زندگی میں سائنس کے استعمال سے واقف کرنا ہے۔

کویک میاتھ جونیئرQuick Math Jr؛بچوں کو ریاضی میں دلچسپی پیدا کرنے کے لئے کویک میاتھ جونیئرQuick Math Jrتیار کیا گیا ہے۔ اس ایپ میں ریاضی کے 12 کھیل شامل ہیں جو بچوں کو بنیادی ریاضی کو سمجھنے اور اسے تخلیقی چیزوں میں تبدیل کرنے میں مدد دفراہم کرتے ہیں۔

خان اکیڈمی کڈسKhan Academy Kids؛خان اکیڈمی کا بچوں کا ورژن بھی بہت مشہور ہے۔ بچوں کو مصروف رکھنے کے لئے اس میں بہت ساری کتابیں اور سرگرمیاں موجود ہیں۔ اس ایپ میں ریاضی ، سائنس ، فنون اور زبانوں وغیرہ جیسے مختلف موضوعات کا بہت وسیع طور پراحاطہ کیا گیا ہے۔

موس میاتھMoose Math؛موس میاتھMoose Math بچوں کے لئے بنایا گیا ایک ایسا ایپ ہے جو بنیادی ریاضی جیسے گنتی ، جمع ،تفریق،چھانٹ بیونت(Sorting) ،جیومٹری اور دیگرریاضی کی بنیادی مبادیات سیکھنے میں بچوں کے لئے بہت مددگار ہے۔ اس ایپ میں 5 کھیل ہیں جس سے بچے ریاضی کو کھیل کھیل میں سیکھ جاتے ہیں۔

پروڈی گیProdigy؛بچوں کی بنیادی ریاضی کو بہتر بنانے کے لئے پروڈی گیProdigy ایک اور ایپ ہے۔ اس ایپ میں تعلیمی کھیل ہوتے ہیں ، بچے ان کھیلوں کے ذریعے سیکھتے ہیں۔ پروڈی گی ایپ ہرسطح کے بعد بچوں کوانعامات بھی دیتا ہے جس سے بچوں میں زیادہ سے زیادہ کھیلنے اور سیکھنے کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔

اسکریچ جونیئرScratch Jr؛اسکریچ جونیئرScratch Jr ایک ایسی ایپ ہے جو بچوں کو پروگرامنگ زبانوں میں دلچسپی پیدا کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔یہ ایپ7-5سالہ بچوں کواپنے خود کی انٹرایکٹیو کہانیاں اورکھیل پروگرام کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔اس عمل سے گزرتے ہوئے بچے مسائل کو حل کرنا،پروجیکٹس ڈائزین کرنااور کمپیوٹر پر تخلیقی انداز میں اظہار خیال کرنا سیکھ جاتے ہیں۔ بچوں کو تفریحی طریقے سے سیکھانے کے اس ایپ میں دل فریب و دلچسپ طریقے موجود ہیں۔
 

farooq tahir
About the Author: farooq tahir Read More Articles by farooq tahir: 131 Articles with 237462 views I am an educator lives in Hyderabad and a government teacher in Hyderabad Deccan,telangana State of India.. View More