۱۵؍ اگست یوم آزادی: ہندوستان آج بھی آزادی کا منتظر ہے!!

عالمی سطح پر ہندوستان کی بنیادی پہچان جس جمہوریت اور سیکولرازم کی وجہ سے ہے وہ دن بدن کھوکھلا ثابت ہورہی ہے، مودی حکومت میں آئے دن جس طرح کے اقدامات اپنائیں جا رہے ہیں اسے دیکھ کر ہندوستانی مسلمانوں میں اب اس بات کا خوف یقین میں تبدیل ہونے لگا ہے کہ اب ہمارا ملک ہندوستان ہندو راشٹر کی راہ پر رواں ہیں۔ آزاد ہند وستان میں حکومتی طبقہ سے لیکر قومی میڈیا تک کے لوگ نفرت کو ہوا دے رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ مودی حکومت کا ہر آنے والا دن مسلمانوں کے لئے ظلم و ستم کا ایک نیا باب کھول رہا ہے۔موجودہ حکومت دستور و قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صرف سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے سب کچھ کر رہی ہے۔ اور اس ملک کو ہندو راشٹر بنانے کی کوششیں بھی تیز تر کر دی گئی ہیں۔۵ ؍اگست ، رام مندر کے شیلانیاس پر ملک میں جگہ جگہ تشدد و فساد کا ماحول بنایا گیا۔ان سارے حالات کو دیکھ کراحساس ہوا کہ اس ملک میں واقعی جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے۔ایسا لگ رہا ہے ہر کوئی خود کو دھوکہ دے رہا ہے۔ اپنے چہرے پہ خوشیوں کا مکھوٹا سجائے جس ملک میں آج جمہوریت کی دھجیاں اْڑائی جارہی ہیں جہاں من کے مطابق زندگی بسر کرنا دشوار ہوگیا ہے۔ کھانے پینے سے لیکر پہناؤے، بول چال، گھومنا پھرنا،یہاں تک کہ زندہ رہنے سے لیکر عبادات میں بھی مداخلت کرتے ہوئے بے مطلب کے قوانین عائد کر بندشیں لگادی گئی ہوں،ایسے ماحول میں یوم آزادی اور جمہوریت کے نام پہ خوشیاں مناکر خود کو دھوکے کے سوائے کچھ نہیں دیا جاسکتا۔جی ہاں! یہ وہی ہندوستان ہے جہاں اصل وطن پرستوں کی قربانیوں کو بھلاکر مفاد پرستوں کی قدم بوسی کی جاتی ہے۔جو ہمارے ملک کیلئے بہت شرمناک بات ہے۔جمہوری شان و شوکت کو بالائے طاق رکھ کر انسانی رشتوں سے کنارا کش ہو کر، انسانی جذبات سے منہ پھیر کر مسلمانوں کو حراساں کرنے کی متواتر کوششیں جاری ہیں اور ہم تشدد اور تعصب کا نشانہ بنتے جا رہے ہیں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مخصوص عوام کو ایک بنا سوچ والی بھیڑ میں بدل دیا گیا ہے۔ اب ایک ایسی بھیڑ ملک کے ہر قصبے، گاؤں میں تیار گھوم رہی ہے، جو ذرا سی افواہ میں بغیر سوچے سمجھے کسی کو بھی پیٹ پیٹ کر مار ڈالتی ہے۔ایسا ہی کچھ ماحول ۵ اگست کو مختلف ضلعوں میں بنایاگیا،صنعتی شہر مالیگاؤں کے کیمپ علاقے میں رام مندر کے نام پر ایسی ہی بھیڑ اکٹھا ہوئی تھی، خون سے دھرتی کو نہلا دینگے جیسے نفرت انگیز نعروں کے ساتھ ناچ گانا کیا گیا تھا ۔بالکل اسی طرح ہرجگہ دہشت کا ماحول بنایا جارہا ہے۔شر پسند عناصر کی اس مجرمانہ فعل کی پشت پناہی حکومت کررہی ہے جو اسوقت خاص قسم کی ذہنیت کے ہاتھوں میں چلا گیا ہے اور جن کی گھٹی میں مسلم منافرت کا زہر بہت پہلے سے گھول دیا گیا ہے۔ ان تمام کے خلاف آواز بلند کرنے والے کی ماب لنچنگ بھی جاتی ہے اور بے رحمی سے قتل بھی کردیا جاتا ہے۔ اس لئے کہ جو سوال اٹھائے،احتجاج کرے اس کو ہی دہشت گرد ٹھہرا دو۔ آج معمولی سیاسی اور سماجی شعور کا حامل انسان بھی حالات کی اس سنگینی سے واقف ہے۔ہندوستان میں اقلیتوں کے لئے ہر یوم ، یومِ عذابی بنا ہوا ہے۔ ایک وقت تھا جب سماج کے کمزور طبقوں کی آواز اٹھانا ملک کے تئیں فکرمند ہر بیدار شہری کا فرض مانا جاتا تھا۔اور آج سماج کے کمزور طبقوں کے لئے آواز اٹھانے والے جانے مانے دانشور، ادیب، قلمکار اور سماجی کارکنان کو دہشت گرد بتاکر ان پر ملک کی امیج دھندلی کرنے کی تہمت لگائی جا رہی ہے۔تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بے جا گرفتاریاں ہنوز جاری ہے۔کسی بھی مسلمان کو سر راہ پکڑ کر جئے شری رام کہنے پر مجبو ر کیا جاتا ہے، بلکہ اب تو’ جئے مودی جی‘ جیسے نعرے لگوا رہے ہیں، انکار کی صورت میں زد و کوب کیا جارہا ہے۔مذہب کے نام پر منافرت، فرقہ وارانہ تشدد، عام ہے۔ آج ملک بھر میں نفرت، ہجومی تشدد،فرقہ پرستی کے واقعات دیکھنے اور سننے کو مل رہے ہیں۔ اقلیتی طبقے کو ہر لحاظ سے تکلیف پہنچائی جا رہی ہے۔ مسلمانوں کی حب الوطنی کو مشکوک نگاہوں سے دیکھا جا رہا ہے۔ خوف و ہراس کے ماحول میں بے قصوروں کی جانوں کا اتلاف ہورہا ہے۔ ان ساری باتوں کو ذہن میں رکھ کر سوچیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر یہ کہنا غلط نہ ہوگاکہ ہندوستان آج بھی آزادی کا منتظر ہے۔

 

Asif Jaleel
About the Author: Asif Jaleel Read More Articles by Asif Jaleel: 224 Articles with 249049 views میں عزیز ہوں سب کو پر ضرورتوں کے لئے.. View More