آپکے بچے کو آپکی توجہ کی ضرورت

میرا ایک طالب علم ہے کلاس میں کسی کام میں وہ اپنی دلچسپی ظاہر نہیں کرتا۔ نہ پڑھائی میں، نہ کام میں۔ ہر کام نامکمل رہتا ہے۔ لیکچر دو تو وہ بھی دھیان سے نہیں سنتا۔ سوالات پوچھنے پر جوابات دینے میں بھی آگے بڑھ چڑھ کر حصہ نہیں لیتا۔ دو تین بار میں نے اس پر سختی کی تو اس کے ردعمل میں اس نے جواب دینے کی کوشش کی اور صحیح جواب دینے کی صورت میں جب کلاس کے باقی طلباء نے داد دی تو اس کے چہرے پر احساس تفاخر کا سا مجھے احساس ہوا۔ دراصل باقی طلباء کے ذریعے داد دینا اصل میں اس کی حوصلہ افزائی کرنا تھا اور یہ حوصلہ افزائی اسے زندگی میں کبھی نا کبھی سنجیدہ کر سکتی ہے اس کو یہ بات سوچنے پر مجبور کر سکتی ہے کہ اگر آج کلاس میں ایک سوال کا صحیح جواب دینے پر پوری کلاس کے سامنے میری حوصلہ افزائی کی گئی ہے تو اگر میں اچھا پڑھوں گا اور اچھے کام کروں گا تو زندگی میں مجھے کتنی عزت ملے گی۔ مگر یہ حوصلہ افزائی ایسے بچوں کو لمبے عرصے کیلئے درکار ہوتی ہے اور کلاس میں ٹیچر کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ وہ صرف اس ہی ایک بچے کو وقت دے کیوں کہ کلاس میں اور طلبہ و طالبات کو بھی اساتذہ کی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لئے ایسے بچے کو آگے بڑھانے اور اس کی حوصلہ افزائی کرنے میں ماں باپ کا سب سے بڑا ہاتھ ہوتا ہے۔ بہت سے ماں باپ اس معاملے میں لاپرواہی برتتے ہیں۔ وہ زندگی میں اپنے اردگرد رجحانات کو دیکھتے ہوئے اپنے بچے کو اسکول تو بھیج رہے ہوتے ہیں لیکن اگر ان کا بچہ کلاس میں اچھی کارکردگی ظاہر نہیں کر رہا ہوتا تو شاید وہ اس بات کو جاننے کی کوشش بھی نہیں کرتے اور ان کا بچہ وہی گھسے پٹے نمبروں سے پاس ہو کر دوسری جماعت میں داخل ہوتا ہے یا پھر اسی جماعت میں شکست خوردگی اس کا دوبارہ مقدر بن جاتی ہے۔ ایسے بچوں کو ماں باپ کی توجہ اور حوصلہ افزائی کی شدت سے ضرورت ہوتی ہے کیونکہ بچہ دن کے صرف پانچ گھنٹے اپنے اساتذہ کے ساتھ اور باقی وقت اپنے ماں باپ کے ساتھ گزارتا ہے اس لیے ماں باپ سے زیادہ بہتر رہنمائی انکی اور کوئی نہیں کرسکتا۔ باب کیشان کا قول ہے " Parents are the ultimate role models for children.Every word, movement and action has an effect. No other person or outside force has a greater influence on a child than the parent."
 

Afrah Imran
About the Author: Afrah Imran Read More Articles by Afrah Imran: 22 Articles with 43365 views She is a student of Mass Communication studying from Virtual University of Pakistan. In 2017, when she was XI student she started writing articles on .. View More