بے روزگاری اور کم آمدن کا علاج

روزگار ہونے کے ساتھ ساتھ ماہانہ اچھی آمدن کا ہونا بھی کسی نعمت سے کم نہیں ہے اور ایسی نعمت کا حصول ہر انسان کی خواہش ہے تاکہ وہ اپنے خاندان سمیت بہترین سہولیات کے ساتھ زندگی بسر کر سکے اور یہی نہیں بلکہ دوسروں کے مشکل وقت میں کام بھی آ سکے۔ اگر آپ بیروزگاری سے نجات یا اپنی آمدن میں اضافہ چاہتے ہیں تو یہ تمام باتیں تسلی سے پڑھ کر عمل کیجیے گا:

1۔ سب سے پہلے تو خود کو نارمل رکھیں۔ کسی پرسکون وقت اور جگہ کا انتخاب کریں، جہاں آرام سے بیٹھ کر موجودہ حالات کا خاموشی سے جائزہ لے سکیں، غور و فکر کر سکیں۔ یاد رکھیں کہ مشکل حالات سے نبرد آزما ہونے ہونے کے لیے آپ کے ذہن و جسم کا نارمل ہونا بہت ضروری ہے، باقی سب باتیں بعد کی ہیں۔

2۔ اس کے بعد جو کچھ آپ کی زندگی میں اچھا ہے، اس کو یاد اور محسوس کر کے بار بار شکر ادا کریں۔ جیسا کہ آپ کا ایک مکمل نارمل انسان ہونا، اپنے ہاتھ، پاؤں، آنکھوں کا درست استعمال کر پانا، اپنے والدین، بیوی، بچوں جیسی انمول نعمتوں کا ہونا، گھر میں پہلے سے میسر نعمتوں کا خیال وغیرہ ایسی تمام مثبت باتیں سوچ سوچ کر رب کا شکر ادا کرنا ہے۔ یقین کریں آپ محسوس کریں گے کہ آپ کو جو مشکل صورتحال ابھی درپیش ہے وہ پہلے سے موجود نعمتوں کے مقابلے کوئی بڑی نہیں ہے۔ اس طرح آپ کو خود کو مزید مطمئن محسوس کریں گے۔

3۔ اب آپ نے ایک لسٹ بنانی ہے جس میں آپ نے تمام بنیادی ماہانہ اخراجات لکھنے ہیں جیسے کہ یوٹیلٹی بلز، کرایا جات، راشن، فیس، قرضہ جات کی اقساط وغیرہ تاکہ آپ کو اندازہ ہو سکے کہ آپ کو ماہانہ کتنی رقم بنیادی اخراجات کے لیے لازمی چاہیے۔ جو بھی ٹوٹل فگر ہو اس کو ذہن میں بٹھا لیں اور پورا یقین رکھیں کہ اتنی ماہانہ رقم یا اس سے زیادہ آپ ضرور کما پائیں گے۔ اپنے مالی اہداف کو سیٹ کرنے سے غیر ضروری اخراجات پر قابو پانے میں بہت مدد ملتی ہے۔

4۔ اب آپ ذرا خود کی صلاحیتوں پر نظر ڈالیں۔ کون کون سے کام اور ملازمت کا آپ کو شوق ہے؟ آپ کا پہلے کا تجربہ کن کن کاموں میں ہے؟ آپ نے ایسے تمام کاموں کی ایک لسٹ بنانی ہے تک آپ اس کو بار بار پڑھ کر نظر ثانی کر سکیں۔ اس میں ہر وہ کام یاد کر کر لکھنا ہے جو بے شک آپ نے بہت عرصہ پہلے کیا ہو یا پھر چاہے تھوڑے وقت کے لیے ہی سہی۔ اپنی گزشتہ کیریئر لائن کو ایک ترتیب میں لانا ہے۔

5۔ اب آپ نے سچے دل سے خود کو پرکھنا ہے کہ کیا آپ نے ملازمت یا کسی سائیڈ کاروبار کی کوشش اپنی صلاحیتوں یا پچھلے تجربات کے حساب سے کر رہے ہیں؟ کیا آپ واقعی دل لگا کر کوشش کر رہے ہیں؟ اگر ہاں تو کس جگہ پر آپ کمزور ہیں؟ کسی خاص تعلیم، تجربہ یا ہنر و صلاحیت کی کمی؟ پسند و نا پسند کا مسئلہ ہے؟ سستی یا کاہلی تو نہیں کر رہے؟ وقت سیٹ نہیں ہو پا رہا؟ کہیں دور جانا پڑے گا؟ وغیرہ۔۔۔۔ اس مرحلے پر آپ نے مکمل غیر جانب داری سے اپنا محاسبہ کرنا ہے۔ پھر جو بھی وجہ سامنے آئے، اس کی کمی و خاتمے کے لیے عملی کام کرنا ہے۔

6۔ یاد رہے جہاں جاب کی تلاش کے لیے اخبارات و آن لائن اپلائی کرنا پڑتا ہے یا کسی ریفرنس کو تلاش کرنا پڑتا ہے، ٹھیک اسی طرح آمدنی بڑھانے کی لیے بھی کوئی اچھی تنخواہ والی فل ٹائم ملازمت تلاش کرنی پڑتی ہے یا موجودہ ملازمت کی ساتھ ہی سائیڈ جاب یا کاروبار شروع کرنا پڑتا ہے، لوگوں سے ملنا جلنا پڑتا ہے، اس موضوع پر بات کرنا ہوتی ہے، تبھی کوئی رستہ نظر آتا ہے۔ صرف گھر بیٹھ کر سوچے جانے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا ہے۔ اگر کسی تعلیم و ہنر کی کمی تو اس کو کسی بھی عمر میں پورا کرنے میں جھجکنا نہیں۔ بہت سے اچھے ادارے، یا آن لائن جیسے udemy.com، فری کورسز کرواتے ہیں۔ یو ٹیوب پر آپ کو اس حوالے سے بہت اچھا مواد مل سکتا ہے۔

7۔ اگر آپ کو جاب نہیں مل رہی یا موجودہ آمدن سے آپ کو گزارا کرنا مشکل ہو رہا ہے تو اپنے فوکس کو جاب سے ہٹا کر کاروبار کرنے کی طرف لگائیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ جاب کی تلاش کرنا چھوڑ دیں۔ آپ گوگل پر سرچ کریں تو بہت سی ویب سائٹ ایسی ہے جو آپ کو بہت کم پیسوں میں کاروبار کرنے کے کامیاب طریقے بتائیں گی۔ بہت سارے کام آپ گھر پر ہی بغیر کسی آفس کے، یا آن لائن بھی کر سکتے ہیں۔ اس میں جو سمجھ آئے اور کرنا آسان لگے اس کو شروع کر سکتے ہیں۔ ذیل میں مثال کے طور پر چند فقرے آپ کی سہولت کے لیے موجود ہیں جن کو آپ گوگل ، یاہو یا کسی بھی سرچ انجن پر لکھ کر، مختلف ویب سائٹس پر موجود متعلقہ آرٹیکل بغور پڑھ سکتے ہیں:

Home based small business
Small business ideas
Business with Low investment
Business with Zero Money
Free online business startup
Freelancer jobs
Part time jobs in Pakistan
Small investment business in Pakistan

8۔ یاد رکھیں شروع میں کوئی بھی چھوٹا کام شروع کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ہمیشہ وہی کرتے رہیں گے، کیا پتا وہ کرتے کرتے کوئی اور راستہ نکل آئے یا اسی کام میں اتنی برکت و بہتری آ جائے کہ وہی کام بڑا بن جائے؟ مقصد یہ ہے کہ آپ فارغ نہ رہیں، کسی کام میں لگ جائیں، اپنے کمرے سے باہر عمل کے میدان میں ہوں۔ کسی دکان پر پر یا ادارے میں جا کر پہلے کچھ وقت سیکھنا پڑ جائے تو شرمائیں مت، انٹرن شپ سمجھیں اس کو۔ آجکل تو گورنمنٹ کے مختلف ادارے بھی بہت سے مفید ہنر بالکل مفت سکھا رہے ہیں۔ اس کی معلومات حاصل کریں۔ آپ کے اندر جو بھی صلاحیت ہو، ہنر ہو اس کے مطابق فری لانسر کے طور پر بھی کام کر سکتے ہیں۔ آن لائن سرچ کرنے پر آپ کو کافی اچھی ویب سائٹس مل سکتی ہیں جہاں خود کو مفت فری لانسر رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں۔

9۔ اپنے ماحول کو، یاری دوستی کو ہمیشہ حوصلہ افزا و مثبت رکھیں۔ جن میں وقت گزار کر آپ کو ہمیشہ نئی امید ملے کہ نہیں یار کچھ کرنا ہے، جاب یا روزگار مل کر ہی کریں گے، آمدن میں ہر صورت اضافہ ہو کر رہے گا وغیرہ ایسی باتیں سوچنے، کرنے اور مختلف مثبت منصوبہ بنا کر عمل کرنے والے لوگوں کے درمیان میں رہیں۔ جو لوگ اداسی و مایوسی والی، یا آپ پر منفی تنقید والی باتیں کریں، ان کو دور سے سلام کریں۔

10۔ یاد رکھیں کہ رزق رب کی زمین پر بکھرا پڑا ہے بس آپ نے اپنی تلاش میں سستی نہیں کرنی، مایوس ہو کر نہیں بیٹھنا۔ اخبارات میں، آن لائن، لوگوں سے مل کر بس موقع کی تلاش میں لگے رہنا ہے۔ حالات کی بہتری اور روزگار کی تلاش میں کسی دوسرے شہر یا ملک جانا پڑے تو گھبرائیں مت، قربانی و سمجھوتوں کے لیے خود کو تیار رکھیں۔ ضروری نہیں سب کہ آپ کو یہ سب مستقل ہی کرنا پڑے۔

11۔ حرف آخر یہ کہ صبر و نماز سے مدد لیں۔ حسب توفیق صدقہ لازمی دیا کریں۔ مشکل حالات میں بھی مسکرانا مت چھوڑیے۔ حالات کی وجہ سے پیدا شدہ فطری چڑچڑے پن کو قابو میں رکھیں۔ جو لوگ آپ کے کام آ سکتے ہیں ان سے لازمی رابطہ کیجیے۔ آجکل ویب سائٹ و سوشل میڈیا اور گوگل اور یو ٹیوب وغیرہ کا ہونا بھی ایک نعمت ہے، ان کا بھرپور اور مثبت استعمال کیا کریں۔ بیروزگاری یا کم آمدن میں بھی کسی کے کام آ سکیں تو خوشی و صدق دل سے کام آئیے۔ آپ جب دوسروں کے لیے آسانی کا سبب بنیں گے تو رب آپ کو بھی بہت ساری آسانیاں عطا فرمائے گا، ان شا الله۔
 

Mian Jamshed
About the Author: Mian Jamshed Read More Articles by Mian Jamshed: 111 Articles with 170640 views میاں جمشید مارکیٹنگ کنسلٹنٹ ہیں اور اپنی فیلڈ کے علاوہ مثبت طرزِ زندگی کے موضوعات پر بھی آگاہی و رہنمائی فراہم کرتے ہیں ۔ ان سے فیس بک آئی ڈی Jamshad.. View More