کتابوں سے وابستگی ایک نعمت ہے

علم انسان کا امتیاز ہی نہیں بلکہ اس کی بنیادی ضرورت بھی ہے، جس کی تکمیل کا واحد ذریعہ مطالعہ ہے۔ایک پڑھے لکھے شخص کے لیے معاشرہ کی تعمیر و ترقی کا فریضہ بھی اہم ہے ،اس لیے مطالعہ ہماری سماجی ضرورت بھی ہے۔ اگرانسان اپنے اسکول و مدرسہ کی تعلیم مکمل کرکے اسی پر اکتفا کرکے بیٹھ جائے تو اس کے فکر و نظر کا دائرہ بالکل تنگ ہوکر رہ جائے گا۔ مطالعہ استعداد کی کنجی اور صلاحیتوں کو بیدار کرنے کا بہترین آلہ ہے۔ یہ مطالعہ ہی کا کرشمہ ہے کہ انسان ہر لمحہ اپنی معلومات میں وسعت پیدا کرتا رہتا ہے۔ زاویہ فکر ونظر کو وسیع سے وسیع تر کرنے میں کتاب کا بہت اہم حصہ ہے۔کتابوں سے وابستگی کی نعمت کا کسی کو ادراک ہو جائے تو اُس کے لیے بغیر مطالعہ کے زندگی گزارنا دشوار ہو جاتا ہے،کتابوں کا مطالعہ انسان کی شخصیت کو ارتقاء کی بلندمنزلوں تک پہنچانے کا اہم ذریعہ، حصول علم ومعلومات کا وسیلہ اور عملی تجربانی سرمایہ کو ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل کرنے اور ذہن وفکر کو روشنی فراہم کرنے کا معروف ذریعہ ہے۔کتابوں سے جہاں معلومات میں اضافہ اور راہ عمل کی جستجو ہوتی ہے وہیں اس کا مطالعہ ذوق میں بالیدگی، طبیعت میں نشاط، نگاہوں میں تیزی اور ذہن ودماغ کو تازگی بھی بخشتا ہے۔افسو س صد افسوس کہ آج نسل نو میں کتاب پڑھنے کا رجحان دم توڑ رہا ہے۔ آج کے دور میں کتاب اچھی بھی ہو تو پڑھنے والے قلیل تعداد میں ہیں۔کتاب انسانی شخصیت میں گہرائی اور توازن پیدا کرتی ہے جو زندگی کا حسن ہے۔ اِسی توازن کے فقدان سے ہم آج دوچار ہیں۔ اسی کے پیش نظراْردولائبریری ٹرسٹ مالیگاؤں کے زیر سرپرستی اور اُردو بک سیلرس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اْردو کتاب میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اس کتاب میلے میں سائنس، ٹکنالوجی اور زبان و ادب کے علاوہ کئی موضوعات کی کتابیں دستیاب ہوگی۔ مالیگاؤں شہر کے کتب فروش اور پبلشر اس میلے میں اپنے اسٹال سجائیں گے۔ یہ میلہ 29 نومبرتا 3دسمبر بروز جمعہ تا منگل کو اسکول نمبر 1(قدوائی روڈ) کے وسیع و عریض میدان میں منعقد ہوگا۔ شہر کی سبھی تنظیمیں،کلبیں،ادارے، ہائی اسکول اور جونیئر کالج اس اْردو کتاب میلے کو کامیاب بنائیں۔ان شاء اﷲکتب میلے میں اردو قارئین ،محبان اردو کی کثیر تعداد سے ایک بار پھریہ واضح ہوگا کہ شہریان کی کتب دوستی ابھی ختم نہیں ہوئی۔

 

Asif Jaleel
About the Author: Asif Jaleel Read More Articles by Asif Jaleel: 224 Articles with 245954 views میں عزیز ہوں سب کو پر ضرورتوں کے لئے.. View More