آندھی,ہارپ اور سورہ کہف

اللہ رب العزت کا فرمان ہے :
ترجمہ :"بے شک آسمانوں اور زمین کی تخلیق میں اور رات اور دن کے باری باری آنے جانے میں عقلمندوں کے لئے نشانیاں ہیں -یہ وہ لوگ ہیں جو اللہ تعالی ' کو یاد کرتے ہیں کھڑے اور بیٹھے اور لیٹے بھی اور آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں غور کرتے ہیں (اور کہتے ہیں کہ )اے ہمارے رب !آپ نے اس کو باطل (لا یعنی ) نہیں بنایا ,آپ پاک ہیں سو ہم کو عذاب دوزخ سے بچا لیجئے "(سورہ ال عمران ,آیات 190 -191 )

انبیاۓ کرام علیہم السلام کا یہ طریقہ تھا کہ وہ آثار _کائنات میں غور وفکر کیا کرتے تھے -سکالرز کہتے ہیں کہ غوروفکر کرنا بھی عبادت ہے ,یہ ہدایت کا پہلا قدم ہے کہ کائنات اور مظاہر _فطرت کا مشاہدہ کیا جاۓ اور ہر تغیر و تبدل میں چھپے پیغامات تک پہنچنے کی کوشش کی جاۓ -چند روز قبل آنے والی آندھی نے مجھے بھی کچھ سوچنے پہ مجبور کردیا اور یہی سوچ اس تحریر کا محرک بنی ہے _مجھے تراویح کے لئے مسجد جانا تھا مگر گھر سے نکلتے ہی ایسی زور دار آندھی چلنا شروع ہوگئ کہ فضا گردوغبار سے بھر گئ ,جو قدم آگے اٹھائیں ,ہوا اسے پیچھے کو دھکیلے ,خیر انھی گھنگھناتی آوازوں اور جھکڑوں سے کشمکش کرتے ہوۓ مسجد پہنچے تو سکھ کا سانس لیا اور استغفار کرتے صف میں شامل ہوگئے - رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں جب آندھی آیا کرتی تو چہرہ مبارک زرد پڑ جاتا اور آپ جلدی سے مسجد میں پناہ لیتے اور فرماتے کہ مجھے خوف ہے کہ اس آندھی میں تمہارے رب کا عذاب چھپا ہوا نہ ہو ! قرآن پاک سے معلوم ہوتا ہے کہ قوم عاد کو بھی ایک بڑی شدید طوفانی آندھی سے تباہ کیا گیا تھا ,نعوذباللہ _

اس سال 2019 میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں نے ہر صاحب _شعور کو سوچنے پہ مجبور کردیا ہے ,کسی جگہ بارش میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے تو کہیں گرم علاقوں میں اولے پڑنے سے لوگ حیران رہ گئے ہیں _اس موسم _گرما کے آغاز میں لاہور جیسے شہر میں ژالہ باری نے اہل_لاہور کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ,بعض ماہرین نے یہ کہا کہ یہ اصلی برف نہیں ہے _انھی دنوں ایک رات ٹویٹر پہ کام کرتے ہوۓ کچھ ٹویٹس آسمانی بجلی کی کڑک کے بارے میں کراچی والوں کی پڑھیں اور حیرت اس پہ ہوئ کہ عین اسی وقت ویسا ہی کڑاکا یہاں لاہور میں بھی سنائ دیا _جن لوگوں نے "ہارپ ٹیکنالوجی "کے بارے میں پڑھ رکھا ہے وہ کہتے ہیں کہ موسموں کے تغیرو تبدل اور ان میں حیران کن تبدیلیوں کے پیچھے عالمی طاقتوں کا خوفناک ہتھیار "HAARP Technology "ہے ,جو ایٹم بم سے بھی کئ گنا زیادہ طاقتور اور خطرناک ہے -University of Ottawa کے Dr.Michel Chossudovsky نے اور Alaska کے Dr.NickBegich نے اس بات کی گواہی دی ہے کہ ہارپ (High Frequency Active Auroral Research Program) کے ذریعے زلزلے اور سونامی لاۓ جاسکتے ہیں _Global Research پر موجود آرٹیکل میں اس ٹیکنالوجی پر کی گئ تحقیق سے پتہ چلتا ہے اس کے ذریعے سے فضا میں کسی بھی میزائل کو مار کے گرایا جاسکتا ہے ,آتش فشاں پھاڑے جاسکتے ہیں ,گلیشئیر پگھلاۓ جاسکتے ہیں ,میدان جنگ میں موجود فوجوں کو اندھا کیا جاسکتا ہے ,کسی شہر کی تمام الیکٹرانکس کو جلایا جا سکتا ہے ,کسی علاقے میں سیلاب چھوڑا جاسکتا ہے ,کسی صحرا میں طوفانی بگولے پیدا کئے جا سکتے ہیں ,کسی محو سفر ہوائ جہاز کو گرایا جا سکتا ہے ,سمندری طوفان لاۓ جاسکتے ہیں یہاں تک کہ انسانی خیالات اور جزبات تک کو کنٹرول اور تبدیل کیا جاسکتا ہے !CIA کی دستاویز کے مطابق طاقتور کمپیوٹر کے ذریعے انسانی جزبات و احساسات مثلا "غصہ , اداسی , خوف , نفرت ,گھبراہٹ ,ڈیپریشن وغیرہ کی نشاندہی کی گئ ہے جن کی فریکوینسی کی پیمائش کرکے انکو الگ الگ چھانٹی کرکے یہی جزبات و احساسات کسی دوسرے انسان میں خاموشی سے بھرے جاسکتے ہیں !
See( HAARP and Manipulation of Emotions ) یہ جو موجودہ دور میں ہمارے نوجوان بچے خود کشیاں کرکے مر رہے ہیں ,ان پہ اس لحاظ سے بھی تحقیق ہونی چاہئیے !!

ہارپ ٹیکنالوجی کی مدد سے زیر زمین معدنی ذخائر کی موجودگی اور انکی مقدار کا پتہ چلایا جاتا ہے _اس وقت پوری دنیا میں Energy crisis ہے اور ہارپ کو جنگی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے _پہلے عالمی طاقتوں کو کسی چھوٹے ملک پہ حملہ آور ہونے کے لئے اقوام متحدہ سے منظوری لینی پڑتی تھی اور میڈیا کمپین چلا کے اس حملے کا جواز فراہم کرنا ہوتا تھا لیکن ہارپ کے خفیہ استعمال میں وہ بالکل آزاد ہیں اور ان پہ انسانیت کے قتل کا الزام بھی نہیں آتا !!Google اور Youtube پہ اس کی تباہ کاریوں کی تفصیلات موجود ہیں -جن ممالک میں ہارپ کو آزمایا گیا وہاں عینی شاہدین کے مطابق انھوں نے کئ بار آسمان سے خوفناک آوازیں سنیں جیسے کوئ درندہ چنگھاڑ رہا ہو جبکہ کچھ ممالک میں خوفناک زلزلہ آنے سے پہلے لوگوں نے آسمان پہ عجیب و غریب رنگ برنگی روشنیاں دیکھیں اور پھر تباہی آئ -چین کے 2008 کے زلزلے اور ہیٹی میں 12 جنوری 2012 کے زلزلے سے پہلے آسمان پہ بادلوں کا رنگ بدل گیا,سائنسدانوں کے مطابق ایسا قدرتی زلزلوں میں نہیں ہوتا ,یہ ہارپ کے آئنو سفئرز کی طرف بھیجے گئے سگنلز سے ہوا -روس کے مشہور اسکالر اور اسٹریٹجک کلچر فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ہیڈ Andrei Aresha کہتے ہیں کہ ہم نے اس معاملہ کی تحقیقات کیں تو اس نتیجے پہ پہنچے کہ HAARP کو 2012 میں پاکستان کے شمال مغرب میں استعمال کیا گیا ہے !

Canadian Broadcasting Corporation کا کہنا ہے کہ ہارپ صرف ایک سازش یا تھیوری نہیں ہے بلکہ یورپی یونین نے اسکی سنگینی کا اندازہ لگاتے ہوۓ اسکی تباہ کاریوں کو جاننے ایک ریزولوشن بھی پاس کیا ہے -

تو قارئین کرام ,یہ ہے وہ دجالی ٹیکنالوجی جو دجال کی آمد کی پیشرو ہے اور اسکی خبر نبئ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے چودہ سو سال پہلے ہمیں دے دی تھی , آپ کا ارشاد ہے :
"اللہ اس (دجال)کے ساتھ ایسے شیاطین کو بھیجے گا جو لوگوں سے باتیں کریں گے ,اسکے ساتھ ایک بڑا فتنہ یہ بھی ہوگا کہ وہ بادلوں کو حکم دے گا وہ لوگوں کو بارش برساتے ہوۓ نظر آئیں گے اور وہ ایک شخص کو قتل کرے گا پھر لوگوں کو نظر آۓ گا کہ وہ اسے زندہ کر رہا ہے -دجال کو اس شخص کے علاوہ کسی اور (کے مارنے اور زندہ کرنے )پر قدرت نہیں دی جاۓگی اور وہ کہے گا کہ اے لوگو ! کیا اس جیسا کارنامہ رب عزوجل کے سوا کوئ اور کرسکتا ہے ؟(یعنی خدا ہونے کا جھوٹا دعوی ' کرے گا )بحوالہ مسند احمد -

ایک اور حدیث نبوی ہے :
"دجال کے فتنوں میں سے ایک فتنہ یہ ہوگا کہ اسکے ساتھ ایک جنت اور ایک آگ ہوگی مگر حقیقت میں اسکی آگ ,جنت ہوگی اور جنت (دراصل )آگ ہوگی تو جو شخص اسکی آگ میں مبتلا ہو ,اسے چاہئیے کہ وہ اللہ سے فریاد کرے اور سورہ کہف کی ابتدائ آیات پڑھے ,ایسا کرنے سے وہ آگ اسی طرح ٹھنڈی اور بے ضررہو جاۓ گی جس طرح وہ حضرت ابراھیم علیہ السلام پر ٹھنڈی ہوئ تھی -"(بخاری ,ابن ماجہ , ابو داود)

بعض احادیث میں سورہ کہف کی ابتدائ دس آیات حفظ کرنے کا ذکر ہے ,بعض میں آخری دس آیات کا _اور آپ نے ارشاد فرمایا :"لوگ دجال سے خوف کھا کے بھاگیں گے اور پہاڑوں میں پناہ لیں گے ,اس دن دجال کے ساتھی کروڑوں میں ہوں گے "-(صحیح مسلم)

حضرت اسما بنت یزید نے حضور سےعرض کیا کہ (دجال کے ظہور کے وقت )مسلمانوں کا کیا حال ہوگا ؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :"اس وقت مسلمانوں کو وہ چیز کھانے پینے سے بے نیاز کردے گی جو آسمان کے فرشتوں کو کھانے پینے سے بے نیاز رکھتی ہے یعنی (اللہ کی )تقدیس و تحمید "(حمدو ثنا ,تسبیحات )مشکو'ہ ,مسند احمد -

ایک اور مقام پہ آپ نے ارشاد فرمایا : "وہ (دجال) بادلوں کو حکم دے گا اور بادل ,بارش برسانے لگ جائیں گے ,وہ زمین کو فصل اگانے کا حکم دے گا تو زمین فصل اگانے لگ جاۓ گی "-(ابن ماجہ ,ابو داؤد)
ایک اور روایت میں ہے کہ "جو شخص دجال کو پاۓ تو اسکو چاہئیے کہ وہ سورہ کہف کی ابتدائ دس آیات اس کے منہ پر پڑھ دے ,اس لئے کہ یہ آیات پڑھنے والے کو اسکے فتنہ سےپناہ دینے والی ہیں "-(ابو داؤد)

سورہ کہف ,فتنہ دجال سے بچانے والی ڈھال ہے,اس کی تلاوت ,حفظ اور اس پہ غورو فکر سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے ایمان کی بڑی سخت آزمائش ہونے والی ہے جس سے پہلے ہمارے کرنے کے کام ہمیں اس سورہ کہف سے معلوم ہوتے ہیں .کچھ اصول یہ ہیں :
*اس کتاب اللہ کو مضبوطی سے تھامے رکھیں (آیت 1)
*ایمان بچانے کے لئے ہجرت کرنا پڑے تو ہجرت کر جائیں (آیت 10)
*فتنے کے وقت اپنے ایمان کے عملی اظہار کرنے سے ہی دل مضبوط ہوتا ہے (آیت 14)
*اچھے ,نیک لوگوں کی دوستی اور صحبت اختیار کریں (آیت 28)
*اللہ سے مضبوط تعلق ,توکل اور شرک سے بچنا ہے (آیات 38 اور 110)
*دنیا میں گم نہ ہوجائیں ..اسے بھی فنا ہونا ہے ,آخرت کو یاد رکھیں(آیت 45)
*باقی رہ جانے والی صرف نیکیاں ہیں ,ان پہ توجہ اور استقامت رکھیں (آیت 46)
*علم دین کے لئے سفر کرنا پڑے توصبر کے ساتھ سفر کرکے دین سیکھیں (آیت 60)
*خلاف توقع امور اور نقصانات میں اللہ کی رضامیں راضی رہیں ,ان میں کوئ حکمت ہوتی ہے (آیات 71 ,72)
*اگر والد صالح ہوگا تو اولاد کا رزق ضائع نہ ہوگا (82)
*حکمران ایسا ہونا چاہئیے جو اپنی عوام کی مشکلیں دور کرنے والا اور دفاعی ضروریات پوری کرنے والا ہو (آیات 94,95)
*قرآن سننے سے غفلت نہ کریں اور اسکے احکامات یاد رکھیں (آیت 101)

احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم اور انبیا ۓ کرام کی زندگیوں کے مطالعہ سے ہم یہ سیکھتے ہیں کہ ہر مشکل وقت میں اللہ کا سہارا پکڑیں ...اگر ساری دنیا بھی دشمن ہوجاۓ اور آگ میں ڈال دیا جاۓ تو بھی اللہ ہمارے لئے کافی ہے اور وہ سب سے بہتر کارساز ہے _اگر طوفان _نوح جیسے کسی سیلاب سے واسطہ پڑ جاۓ تو ایمان کی کشتی تیار رکھیں ,اسی نے بیڑا پار لگانا ہے ,اپنی اولادوں کو اس کشتی میں بٹھانے کی فکر کریں اور دیگر ایمان والوں کو بھی ....ربنا لا علم لنا الا ما علمتنا ...یا اللہ ,ہمارے پاس بس اتنا ہی علم ہے جتنا آپ نے ہم کو دیا ہے ...ہم فتنہ دجال سے آپ کی پناہ چاہتے ہیں ,سب ایمان والوں کو اپنی پناہ میں رکھئیے گا ..آمین
#فکرونظر
#آندھی
#حسبی_اللہ
#HAARP
#SecretsOfSuraKahf
تحریر :عصمت اسامہ