انڈین کرکٹ اسٹار شیکھر دھون اور ایشا دھون کی پریم کہانی

کھیلوں اور شوبز کا ایک دوسرے سے چولی دامن کا ساتھ ہے جوکھیلوں کے شائقین کیلئے دلچسپی میں اضافہ کا سبب بنتا ہے۔ کرکٹرز اور شوبز اداکارائوں کے معاشقے بالخصوص شائقین کرکٹ کیلئے انتہائی پر کشش ہوتے ہیں۔ اگر کرکٹر اپنی مقبولیت کے عروج پر ہو تو ان کے عشق کی داستانیں میڈیا کیلئے بھی ہاٹ ٹاپک بن جاتی ہیں۔ اس وقت دنیائے کرکٹ میں بھارتی اوپن بیٹسمین شیکھر دھون کا طوطی بول رہا ہے۔ گو کہ شیکھر دھون نے حالیہ ایشیا کپ کے فائنل میں بڑی اننگ نہیں کھیلی مگر انہوں نے اپنی سابقہ اننگز میں 114 ، 40 ، 46 اور 127 رنز بنائے تھے۔ دھون کا ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں اوسط 47.13 اور ٹیسٹ میچز میں 40.61 رنز ہے۔ وہ ٹیسٹ میں 190 رنز کی اننگ کھیل چکے ہیں۔دھون نے اپنا ٹیسٹ ڈیبو آسٹریلیا کے خلاف 14 مارچ 2013 کو موہالی میں کیا۔ اس کے بعد سے ہی وہ ٹیسٹس میں قومی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ شیکھر کو ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں سب سے تیز رفتاری کے ساتھ3000رنز بنقنے والے پہلے بھارتی کرکٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔بائیں ہاتھ سے بلے بازی اور دائیں ہاتھ سے آف بریک گیند پھینکنے والے سکھ نوجوان کی حال ہی میں ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں پرفارمنس نے شائقین کیلئے ان کی مقبولیت میں اضافہ کر دیا ہے۔

وشاکا پٹنم میں 2010 میں آسڑیلیا کے خلاف اپنے ایک روزہ انٹرنیشنل کا ڈیبو کرنے والے شیکھر کی اہلیہ ایشا دھون نے گزشتہ ہفتہ ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی وی پروگرام مس فیلڈ کے ایک ایپی سوڈ کے دوران ان کی اپنے شوہر سے پہلی ملاقات کب اور کہاں ہوئی۔ شیکھر دھون کی ایشا سے شادی 2012 میں ہوئی تھی۔ تب سے ہی وہ اسٹینڈز سے اپنے شوہر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرتے ہوئے دیکھی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شیکھر سے ملاقات فیس بک کی مہربانی سے ہوئی۔ میں فیس بک پر بعض پرانے کرکٹرز کی فرینڈ تھی کیونکہ مجھے شروع سے کرکٹ سے جنون رہا ہے۔ جب شیکھر نے میرا باکسنگ رنگ میں ایک فوٹو دیکھا تو مجھے اپنی فرینڈز لسٹ میں شامل کرنے کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ ملبورن میں پیدا ہونے والی ایشا دھون ایک امیچر باکسر ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شیکھر سے گفتگو کا آغازپہلی بار فیس بک پر ہوا۔

مونچھوں والے سکھ لڑکے اور بنگالی ہندو دوشیزہ کے درمیان انٹرنیٹ پر کس طرح عشق پروان چڑھا، یہ پڑھ کر آپ کے ہوش اڑ جائیں گے۔ دو براعظموں میں رہائش پذیر دو افراد کس طرح یکجا ہوئے ، یہ کہانی کافی دلچسپ ہے۔ ایشا اینگلو انڈین ہے جن کے والد انڈین اور والدہ برٹش نژاد ہیں۔ انہوں نے اپنی اسکول کی تعلیم اور گریجویشن آسٹریلیا میں ہی مکمل کیا۔ وہ 27 اگست 1975 کو بھارت میں پیدا ہوئی اور مگر اس کی فیملی جلد آسٹریلیا منتقل ہو گئی۔ وہ ایک تربیت یافتہ کک باکسر اور کھیلوں کی شوقین ہے۔ایشا بنگالی اور انگلش روانی سے بولتی ہے جبکہ انڈین ڈشز بنانا اس کا شوق ہے۔ اس کی قبل ازیں ایک آسٹریلوی تاجر سے شادی ہوئی مگر طلاق ہوگئی۔اس کی سابقہ شوہر سے دو بیٹیاں ریہا اور عالیہ ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ کسی کو کسی سے عشق کہیں بھی ہو سکتا ہے۔ کچھ یہی شیکھر اور ایشا کے درمیان ہوا۔ ہربھجن سنگھ فیس بک پر شیکھر اور ایشا کا مشترکہ دوست تھے۔ شیکھر نے ایشا کی پروفائل دیکھی تو دیکھتے ہی رہ گئے۔ شاید وہ ایشا کی تصویر دیکھ کر ہی دل دے بیٹھے۔ طویل عرصہ تک فیس بک پر دونوں کے درمیان ہونے والی چیٹنگ دوستی کے رشتے میں تبدیل ہوئی جو کہ محبت کا پہلا زینہ ثابت ہوئی۔

جوڑے کے درمیان 2009 میں دوستی کا قریبی رشتہ قائم ہوا ، تاہم شیکھر کا اصرار تھا کہ شادی کیلئے اس وقت تک انتظار کیا جائے جب تک وہ ایک انڈین ٹیم کے کامیاب کرکٹر کی حیثیت سے خود کو نہ منوا لے۔بالآ خر 2012 میں دونوں رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔ ایشا کرکٹر سے کم از کم11 سال بڑی ھیں اور پہلے شوہر سے ان کی دو بیٹیاں موجود ھیں۔ قدامت پسند بھارتی معاشرہ میں یہ بات آسانی سے ہضم نہیں ہوتی۔ اس وقت ان کے ملاپ پر بہت سے سوالات اٹھائے گئے۔ شیکھر کے والد مہندرا پال دھون اور فیملی کے دیگر ارکان اس شادی کیلئے تیار نہیں تھے ۔تاہم شیکھر دھون کی والدہ نے اپنے بیٹے کی خوشیوں کیلئے بہت سپورٹ کیا۔ دونوں کے درمیان روائتی سکھ رسومات کے تحت شادی انجام پائی جس میں بہت سے کرکٹرز بشمول ویرات کوہلی نے شرکت کی۔ 2014 میں ایشیا نے ایک بیٹے زورآور دھون کو جنم دیا جس کے بعد فیملی کی تکمیل ہو گئی۔

دھون کو ان کے پورے کیریئر میں ایشا کی سپورٹ نے طاقت بخشی جس کا وہ خود کئی بار اعتراف کر چکے ہیں۔ اس سوال کے جواب میں کہ شادی کے بعد کرکٹر میں کیا تبدیلی آئی ہے ؟ ایشا نے بتایا کہ میرے لئے تو وہ پہلے دن کی طرح ہیں شادی کے بعد نہ صرف ان کی قسمت تبدیل ہوگئی بلکہ انہوں نے کرکٹ میں اپنا مقام حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کی۔ ایشا کا کہنا تھا کہ دوھن نے میرے اور کرکٹ کے درمیان ایک توازن قائم کیا ہوا ہے۔ میں ان کی بیوی بننے پر بہت خوش ہوں۔ جس چیز نے مجھے حیران کیا ہے وہ ان کی مسائل حل کرنے کی صلاحیت ہے۔ جس وقت وہ کرکٹ نہیں کھیل رہے ہوتے تو گھر پر کاموں میں بیوی اور بچوں کی مدد کرنا پسند کرتے ہیں۔ ایشا اور شیکھر صرف ایک خوبصورت جوڑا ہی نہیں بلکہ حیران کن والدین بھی ہیں۔ ایک کرکٹر اور ایک باکسر کا شیڈول بہت مصروف ہوتا ہے مگر وہ تین بچوں کی پرورش بھی کر رہے ہیں۔ پیشے کے لحاظ سے ایشا ایک ایتھلٹ ہے، وہ اس امر کو یقینی بناتی ہیں کہ وہ نہ صرف خود بھی فٹ رہیں بلکہ اپنے شوہر کو بھی جسمانی طور پر مستعد رکھنے میں مدد کریں۔ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والی 5 فٹ 5انچ قد ، 132پونڈ وزن،گہری بھوری آنکھوں اورسیاہ بالوں والی ایشاکیلئے اب شیکھر ہی ان کی زندگی ہیں۔ نہ صرف کرکٹ بلکہ کھیلوں کی دنیا میں بھی جوڑے کے عشق کی داستانیں سنائی دیتی ہیں۔وہ ایک دولت مند خاتون بھی ہے جس کی دولت کا تخمینہ 75کروڑلگایا گیا ہے-
 

syed yousuf ali
About the Author: syed yousuf ali Read More Articles by syed yousuf ali: 94 Articles with 70662 views I am a journalist having over three decades experience in the field.have been translated and written over 3000 articles, also translated more then 300.. View More