موسم بہار کی آمد آمد

جب بھی مارچ کا مہینہ شروع ہوتا ہے توہر طرف پھول اور درختوں پر نئی کونپلیں نکلنا شروع ہو جاتی ہیں موسم بھی معتدل ہو جاتا ہے یعنی نہ زیادہ سردی ہوتی ہے اور نہ ہی زیادہ گرمی ہوتی ہے یہ موسم ہمیں سردی سے گرمی آنے کی نوید بھی سناتا ہے مارچ کے مہینے میں ہر طرف ٹھنڈی ٹھنڈی اور مہکتی ہواؤں کے ساتھ ساتھ خوبصورت اور رنگین پھول ہر طرف رنگ بکھیرنے لگتے ہیں جو ہر انسان کو اپنی مہک اور رنگت سے اپنی طرف کھینچ لیتے ہیں یہ نازک نازک پھول ہر ایک کو بھلے لگتے ہیں شاعر بھی موسم بہار اور ان کھلے کھلے رنگین پھولوں کو دیکھ کر اپنے محبوب کی یاد میں شعر کہتا ہے جو امر ہو جاتا ہے یوں تو موسم بہار پوری دنیا میں آتا ہے لیکن پاکستان خصوصاً لاہور میں اس کی آمد کا بڑی بے چینی سے انتظار کیا جاتا ہے لاہور کے بڑے پارکوں اور شاہروؤں کے ارد گرد کھلے خوبصورت پھول جا بجا نظر آتے ہیں جو ہر کسی کی آنکھوں کو بھلے لگتے ہیں۔اب لاہور بھی جدید شہروں کی صف میں آ چکا ہے اور کسی طرح بھی کسی بھی بڑے اور جدید شہر سے کم نہیں ہے واقعی لاہور لاہور ہے۔موسم بہار کی مناسبت سے لاہور میں قدیم دور سے جشن بہاراں اور میلہ چراغاں بھی بڑے جوش و جذبہ سے منایا جاتا ہے۔مختلف پارکوں میں پھولوں کی نمائش کا بندوبست کیا جاتا ہے مارچ کے مہینے میں لاہور کے ہر پارک میں پھول ہی پھول نظر آتے ہیں ان پھولوں کو اتنی جدت اور مہارت سے سجایا جاتا ہے کہ ہر کوئی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکتا۔موسم بہار نہ صرف ماحول کی تبدیلی کا نام ہے بلکہ یہ ہمارے اندر کے ماحول کو بھی یکسر بدل دیتا ہے ان کھلے پھولوں کی بدولت ہمارے مزاج اور رویے بھی خوشگوارہو جاتے ہیں جس سے ہر طرف خوشیاں ہی خوشیاں نظر آتی ہیں۔موسم بہار میں چنبیلی،گل داؤدی،گلاب،گل اشرفی،السی،پٹونیا،موتیا ، گیندا اور طرح طرح کے پھول ہماری آنکھوں کو طراوت اور سانسوں کو معطر کر رہے ہوتے ہیں ۔یہ تما م پھول بآسانی نرسریوں سے دستیاب ہیں انہیں آپ اپنے گھروں میں چھوٹے چھوٹے گملوں اور کیاریوں میں لگا سکتے ہیں یا پھر گھر کے بے کار برتنوں میں بھی ان سجایا جا سکتا ہے۔اس موسم کو خوب انجوائے کریں یہ موسم اور اس میں کھلے پھول آپ کے دل و دماغ کو بھی ترو تازہ کرتے ہیں کوشش کریں کے قریبی نرسری پر جائیں اور مختلف رنگوں کے پھول گھر لے آئیں کچھ پھول دیکھنے میں خوبصورت لیکن قیمت میں انتہائی کم ہوتے ہیں یقیناًہر کوئی پھولوں سے والہانہ محبت رکھتا ہے اور کیوں نہ رکھے ان کی نازک نازک پتیاں اور کونپلیں ہمارے اندر کی اداسی میں بھی بہار لے آتے ہیں اور وقتی طور پر ہم ہر غم بھول جاتے ہیں۔موسم بہار سے جہاں درخت ،پودے اور پھول نکھر جاتے ہیں اسی طرح انسانوں کے چہرے بھی موسم بہار میں کھل جاتے ہیں جہاں پھول ہوں گے وہاں پھولوں جیسی تتلیاں بھی نظر آتی ہیں جو ارد گرد کے ماحول کو اور بھی رنگین بنا دیتی ہیں جابجا پھولوں پر اٹھکھیلیاں کرتی یہ تتلیاں نظروں کو بہا جاتی ہیں ان کو اپنے کیمروں میں بھی محفوظ کر لیں تا کہ موسم بہار کی یادیں مدتوں آپ کو یاد رہیں یہ پھول اور تتلیاں پھول جیسے بچوں کو بھی من بھاتی ہیں اور وہ ان سے مانوس ہو جاتے ہیں اس موسم میں ہر کوئی اپنے غم بھلا کر اس موسم کی رنگینیوں میں کھو جاتا ہے یہ موسم ہمیں اپنے رب کی یاد سے بھی محو کرتا ہے اور ہم اس کی قدرت کو دیکھ کر اور اس کے قریب آ جاتے ہیں یوں تو دنیا میں کوئی چیز رائیگاں نہیں ہے سب قدرت کا ایک منہ بولتا شاہکار ہیں ۔جب بھی پھولوں کی نمائش کا اہتمام کیا جاتا ہے تو شہری اسے دیکھنے کیلئے امڈ آتے ہیں جن میں بڑوں اور بچوں کے علاوہ خواتین کی تعداد زیادہ ہوتی ہے اس میں موسم میں خواتین بھی رنگ برنگے پھولوں کی طرح کے لباس زیب تن کرتی ہیں جو ماحول کو اور بھی خوبصورت بنا دیتا ہے خواتین اس موسم میں اپنی سہیلیوں اور خاندان کے دوسرے افراد کو پھولوں کے گلدستے پیش کرتی ہیں یہ روایت خاندانوں اور دوستوں کی محبت کو ایک خوشگوار اور مضبوط رشتے میں باندھ دیتا ہے اس موسم میں نہ صرف انسان بلکہ خدا کی دوسری مخلوق بھی خوش و خرم نظر آتی ہے موسم بہار میں ہر طرف چہکتے پرندے اس بات کے غمازی ہیں کہ وہ بھی قدرت کی اس خوبصورتی کا شکر بجا لا رہے ہیں ۔

H/Dr Ch Tanweer Sarwar
About the Author: H/Dr Ch Tanweer Sarwar Read More Articles by H/Dr Ch Tanweer Sarwar: 320 Articles with 1837415 views I am homeo physician,writer,author,graphic designer and poet.I have written five computer books.I like also read islamic books.I love recite Quran dai.. View More