جنگلی حیات کے دل موہ لینے والے انداز

جنگلی حیات کا تحفظ کرنے والے ایک کارکن کی بانہوں میں گوریلے کی یہ خوبصورت تصویر وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ائیر پیپلز چوائس ایوارڈ کی فاتح قرار دی گئی ہے۔
 

image


یہ تصویر کینیڈین فوٹوگرافر جو این مک آرتھر نے بنائی تھی اور اس میں ایک پیکن نامی مادہ گوریلے کو دیکھا جا سکتا ہے جسے ایپ ایکشن افریقہ تنظیم نے غیرقانونی شکاریوں سے پچایا تھا۔ اس تصویر میں وہ اپنی نگران اپولینیئر ندوہودو کی گود میں ہے اور اسے کیمرون میں ایک چھوٹے حفاظتی پناہ گاہ سے ایک بڑے محفوظ جنگلی علاقے میں پہنچایا جا رہا ہے۔

مک آرتھر کہتے ہیں: ’میں بہت شکرگزار ہوں کہ اس تصویر نے لوگوں کو متاثر کیا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ اس سے جانوروں کی تھوڑی مزید دیکھ بھال کرنے کا خیال اجاگر ہوگا۔‘

’میں باقاعدگی سے ہمارے ہاتھوں جانوروں پر ہونے والے مظالم کو ڈاکومنٹ کرتا ہوں، لیکن بعض اوقات میں ان کو بچانے، امید اور آزادی کی کہانیوں کا عینی شاہد بھی بنتا ہوں۔‘

اس تصویر کو 24 منتخب تصاویر میں سے تقریباً 20 ہزار مداحوں نے پسند کیا تھا جنھیں نیچرل ہسٹری میوزیم نے سنہ 2017 کے مقابلے کے لیے 50 ہزار انٹریز سے منتخب کیا تھا۔

فائنلسٹ: بغل گیری
ڈیبرا گارسائیڈ، کینیڈا

 

image


قطبی ریچھ اوران کے بچے جب خزاں کے آغاز کے دنوں میں اپنے آماجگاہوں سے باہر آتے ہیں تو بچے اپنے ماؤں کے قریب ہی رہتے ہیں تاکہ وہ گرم بھی رہیں اور محفوظ بھی۔ ڈیبرا گارسائیڈ نے کینیڈا کے علاقے منیٹوبا میں واقع ویپسک نیشنل پارک میں اس خاندان کی آماجگاہ کے قریب چھ دن تک انتظار کیا اور بالآخر ریچھ باہر آئے۔ سخت ترین موسم میں جب درجہ حرارت منفی 35 سے منفی 55 سینٹی گریڈ کے درمیان تھا اور تیز ہوائیں چل رہی تھیں، گارسائیڈ نے یہ منظر فلم بند کیا۔

فائنلسٹ: رولر رائیڈ
لکشتھا کرونارتھنے، سری لنکا

 

image


لکشیتھا کرونارتھنے کینیا کے ماسئے مارا نیشنل ریزرو میں سفاری سے لطف اندوز ہورہے تھے جب انھوں نے ایک غیرمعمولی منظر دیکھا۔ ایک لیلک بریسٹڈ رولر نامی پرندہ ایک زیبرا کی سواری کر رہا تھا۔ اس رنگین پرندے نے ایک گھنٹے سے زیادہ یہ سواری کی اور کبھی کبھار کوئی کیڑا بھی کھا لیتا جبکہ کرونارتھنے نے اس منظر کو فلم بند کرنے کے لیے صحیح وقت کا انتظار کیا۔

فائنلسٹ: لٹکتا ہوا کاہل ریچھ
لوسیانو کینڈیسانی، برازیل

 

image


لوسیانو کینڈیسانی برازیل میں ہاہیا کے مقام پر واقع اٹلانٹنگ برساتی جنگل میں ایک درخت پر چڑھے تاکہ وہ تین پنچوں والے اس سلوتھ (جسے کاہل ریچھ بھی کہا جاتا ہے) کی تصویر بنا سکیں۔ سلوتھ عموماً درختوں کے پتوں پر گزارا کرتے ہیں اور اکثر بلندوبالا درختوں پر پائے جاتے ہیں۔

فائنلسٹ: خوش اسلوب ماں اور بچہ
رے چن، تائیوان

 

image

ہر سال جولائی سے اکتوبر کے اواخر تک کبڑی وہیل انٹارکٹک سے شمال کی جانب نقل مکانی کرتی ہیں تاکہ وہ گرم پانیوں میں بچے جنم دے سکیں۔ رے چن نے ایسی ہی ایک وہیل کو اپنے بچے کے ساتھ واویو ٹونگا کے جزائر کے قریب دیکھا۔ جیسے ہی وہ ایک دلفریب موڑ مڑیں چن نے یہ تصویر بنا لی۔ بعدازاں انھوں نے اسے بلیک اینڈ وائٹ کر دیا اور ان کے مطابق اس سے اس منظر کی سادگی مزید ابھر کے سامنے آئی۔

وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر نیچرل ہسٹری میوزیم کا سالانہ مقابلہ ہے جس میں قدرتی مناظر اور فوٹو جرنلز سے متعلق دنیا کے بہترین تصاویر پیش کی جاتی ہیں۔

وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر کی فاتح تصاویر کی نمائش لندن کے نیچرل ہسٹری میوزیم میں 28 مئی 2018 تک جاری رہے گی۔


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE:

Wildlife Photographer of the Year is the Natural History Museum's annual showcase of the world's best nature photography and photojournalism. The winning images will be showcased in the Wildlife Photographer of the Year exhibition at the Natural History Museum in London, until 28 May 2018.