گزشتہ ہفتے کا پاکستان تصاویر میں

پاکستان میں گزشتہ ہفتے رونما ہونے والے چند اہم واقعات کی تصویری جھلکیاں
 

image
اسلام آباد کے پریس کلب کے سامنے گزشتہ دس دن سے جاری پشتون قومی جرگے کا احتجاج حکومت سے پانچ نکات پر مبنی معاہدے پر اتفاق رائے کے بعد سنیچر دس فروری کی شام کو اختتام پذیر ہوا۔
 
image
فیصل آباد میں ملبوسات کے ایک مشہور برانڈ کی دکان کے ٹرائی روم میں نصب پوشیدہ کیمرے کے ذریعے خواتین کی ویڈیو بنانے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
 
image
مردان میں مشال خان قتل کے جرم میں 31 ملزمان کو سزا دینے کے خلاف نو فروری کو احتجاجی مظاہرہ ہوا اور جلوس نکالا گیا جبکہ رہا ہونے والے افراد کو خوش آمدید کہا گیا۔
 
image
خیبر پختونخوا کے شہر ہری پور کی جیل میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے سات فروری کو مشال خان قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مقتول پر گولی چلانے والے عمران علی کو سزائے موت جبکہ پانچ دیگر مجرمان کو 25، 25 سال قید کی سزا سنائی۔
 
image
پاکستان میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ بیک وقت تین طلاقوں کو قابلِ سزا جرم قرار دیا جائے گا اور اس سلسلے میں سفارشات کو جلد ہی پارلیمان میں پیش کر دیا جائے گا۔
 
image
پاکستان کی سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری سکینڈل سے متعلق از خود نوٹس میں اسلام آباد ہائی کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو حکم دیا کہ وہ ایگزیکٹ کمپنی کے مالکان کے خلاف درج ہونے والے مقدمات کا فیصلہ دو سے تین ہفتوں میں کریں۔
 
image
پاکستان میں سینیٹ کے انتخابات سے پہلے متحدہ قومی مومنٹ میں امیدواروں کی نامزدگی کے معاملے پر اختلافات گزشتہ ہفتے بھی برقرار رہے۔
 
image
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکریٹری دفاع کو حکم دیا کہ وہ عدالت میں تحریری جواب جمع کروائیں اور یہ بتائیں کہ فیض آباد پر دھرنے کے شرکا اور حکومت کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں آرمی چیف کا نام کیسے استعمال ہوا؟
 

image

نیشنل کالج آف آرٹس راولپنڈی کی انتظامیہ نے سنہ 2015 میں خواجہ سراؤں کو دیے جانے والے ملک کے پہلے کیفے کو بند کرنے کے بعد خواجہ سراؤں کو کیفے کا سامان سمیٹنے کا نوٹس دیا۔


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE:

Our selection of some of the most striking news photographs taken around the Pakistan last week.