سردار غلام عباس کے دیرینہ دوست چیئرمین چوہدری گلستان چک بھون چل بسے (انا للہ وانا الیہ راجعون)

یہ اُن دنوں کی بات ہے جب مشرف دور میں بلدیاتی انتخابات کے دوران میں نے 17 قسطیں لکھیں۔ میں اُن دنوں ہفت روزہ ’’طاؤس‘‘ کا ایڈیٹر ہوتا تھا۔ میں نے اُن 17 قسطوں کے لئے مختلف دیہات کا دورہ کیا اور وہاں جا کر بلدیاتی انتخابات کی اصل صورت حال کا جائزہ لیا تو اس دوران ہی میں نے چک بھون جانے کا فیصلہ کیا اور وہاں میری ملاقات چوہدری گلستان خان المعروف چیئرمین سے ہوئی۔ اُن کو اس علاقے میں سب لوگ چیئرمین کے نام سے ہی جانتے تھے۔ اُن کی بیٹھک پر اُن سے ملاقات ہوئی۔ اُن کے پاس ایک میلے کا سماں تھا۔ اُن سے میری ملاقات صرف ایک گھنٹہ ہی ہوئی مگر وہ ملاقات آج تک میں بھلا نہ سکا۔ اُن کے چہرے پر سدا بہار، حقیقی مسکراہٹ، اُن کی گفتگو کا دھیما لہجہ اور خالص پنجابی انداز میں گفتگو کرنا اُن کی شخصیت کا خاصا تھا۔ اُن سے جب بھی ملاقات ہوتی تو ایسے محسوس ہوتا جیسے پہلی بار ملا ہوں۔ انتہائی شفیق، کھرے اور سچے انسان تھے۔ وہ 1991-92 میں بلدیاتی انتخابات کے دوران یونین کونسل بلوکسر سے چوہدری امتیاز حسین آف تھنیل فتوحی کے ساتھ وائس چیئرمین بنے تھے اور پھر اُن کا نام ہی چیئرمین بن گیا۔ وہ متعدد بار کونسلر بنے۔ زندگی میں کبھی بھی انہوں نے شکست کا منہ نہ دیکھا۔ انہوں نے ہمیشہ کامیابی سمیٹی۔ اُن کے چوہدری لیاقت مرحوم کے ساتھ بھی اچھے مراسم تھے۔ میں اسلام آباد میں تھا تو مجھے سوشل میڈیا سے پتہ چلا کہ وہ اس جہانِ فانی کو چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ انہوں نے ساری زندگی سردار غلام عباس کے ساتھ وفا کی انتہا کی اور پھر سردار غلام عباس نے بھی وفا کی انتہا کر دی۔ گھر سے جنازہ نکلا تو ایک طرف سردار غلام عباس اور دُوسری طرف سردار آفتاب اکبر تھے۔ دونوں نے آخری وقت تک اپنا فریضہ سر انجام دیا۔ جب مرحوم کو لحد میں اُتارنے لگے تو سردار غلام عباس کی آنکھوں میں آنسوؤں کا ایک سمندر تھا اور کیونکر نہ ہوتا اُن کا ایک دیرینہ ساتھی اُن کا ساتھ چھوڑ کر ابدی دُنیا میں جا رہا تھا۔ چیئرمین گلستان کا جنازہ اس علاقے کی تاریخ کا ایک بڑا جنازہ تھا۔ اُن کے جنازے میں ہر مکتب فکر نے شرکت کی، کس کس کا نام لکھا جائے۔ سول سوسائٹی، بار کونسل، تعلیم، عسکری و انتظامیہ، مذہبی، سیاسی، سماجی غرض ہر طبقے کے لوگ موجود تھے۔ تقریباً ہر یونین کونسل کے چیئرمین نے شرکت کی۔ یقینا چیئرمین گلستان جیسے مخلص اور وفادار ساتھیوں کی کمی کبھی بھی پوری نہ ہو سکے گی۔

ضلع چکوال کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری گلستان سابق چیئرمین یونین کونسل بلوکسر جو کہ سردار غلام عباس کے قریبی ساتھی بھی تھے اُن کی رسم قل اُن کے آبائی گاؤں چک بھون میں ادا کر دی گئی۔ رسم قل میں ضلع بھر کی ممتاز سیاسی و سماجی، عسکری اور انتظامی شخصیات نے شرکت کی۔ اس سے پہلے اُن کے نماز جنازہ میں سردار غلام عباس اور سردار آفتاب اکبر نے بطور خاص شرکت کی۔ مرحوم کا شمار سردار غلام عباس کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ نماز جنازہ کے عینی شاہدین کے مطابق یہ جنازہ اس علاقے کا تاریخی جنازہ تھا۔ مرحوم کی عمر 72 سال تھی۔ پسماندگان میں دو بیٹے چوہدری محمد رضوان اور چوہدری محمد عرفان چھوڑے ہیں جبکہ اُن کے بھانجے چوہدری محمد جمیل غم سے نڈھال تھے۔ ان کے قریبی دوست چوہدری منظور (سردار گروپ) بھی ان کی یادوں کو بھلا نہ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔ اﷲ تعالیٰ پاکستان کا حامی و ناصر ہو۔

اظہار افسوس
معروف صحافی اور شاعر ملک صفی الدین صفی کے والد گرامی کی وفات پر انتہائی افسوس ہوا۔ اﷲ تعالیٰ اُن کو جوارِ رحمت میں جگہ عطاء فرمائے، آمین۔

Javed Iqbal Anjum
About the Author: Javed Iqbal Anjum Read More Articles by Javed Iqbal Anjum: 79 Articles with 56854 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.