عیدالفطر٬ سچی خوشی کا حصول کیسے ممکن ہے؟

عید الفطر ایک ایسا اسلامی تہوار ہے جس کا دنیا بھر کے مسلمانوں کو شدت سے انتظار ہوتا ہے- مسلمان اس تہوار کا استقبال انتہائی جوش و خروش اور گرمجوشی کے ساتھ کرتے ہیں- ہمیں عید کے اس خاص موقع پر چند ایسی مثبت سرگرمیاں سرانجام دینی چاہئیں جو ہماری عید کی خوشیوں میں کئی گنا اضافے کا سبب بن سکتی ہیں- آئیے ہم آپ کو تفصیل سے بتاتے ہیں:


اولڈ ہوم اور یتیم خانوں میں وقت گزاریں
عید صرف نئے اور خوبصورت کپڑے پہننے٬ عیدی وصول کرنے اور سیلفی لینے کا نام نہیں! اگر حقیقی خوشی چاہتے ہیں تو اپنی خوشیوں میں دوسروں کو بھی شریک کیجیے- عید کے دن اپنا کچھ وقت یتیم خانوں اور اولڈ ہومز کے لیے وقف کیجیے اور وہاں موجود بزرگ افراد اور بچوں کے ساتھ وقت گزاریے- یہ وہ لوگ ہیں جو مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں ہمارے ساتھ اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے- عید کے پرمسرت موقع پر ہم سب کو ضرور ان جگہوں پر جانا چاہیے تاکہ یہ غموں اور دکھوں سے چور افراد اپنی اداسی بھول کر ہمارے ساتھ کچھ لمحات خوشی کے گزار سکیں-

image


ضرورت مندوں کو عیدی اور تحائف دیں
ہم سب اپنے بڑوں سے ملنے والی عیدی پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور یقیناً یہ اس موقع کی سب سے بڑی خوشی ہوتی ہے- لیکن آپ اس موقع پر ضرورت مند اور مستحق افراد کو یاد رکھ کر اپنی اس خوشی کو دوگنا بھی کرسکتے ہیں- جی ہاں عید کے موقع پر ایسے افراد کو تحائف یا نقد رقم دیجیے جو ضرورت مند یا محتاج ہیں- آپ کا یہ نیک عمل ان لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لے آئے گا جسے دیکھ کر آپ کی خوشی بھی پہلے سے زیادہ ہوجائے گی-

image


ناراض رشتہ داروں کو منائیے
عید ایک بہترین وقت ہے اپنے ناراض رشتہ داروں یا دوستوں کو منانے کا- اس بات کا انتظار مت کیجیے کہ وہ آگے بڑھیں بلکہ خود آگے بڑھ کر انہیں گلے لگائیے اور غلط فہمیاں دور کیجیے- اﷲ تعالیٰ معاف کرنے والوں اور تعلق جوڑنے والوں کو پسند کرتا ہے- یقین جانیے آپ کے اس عمل سے نہ صرف عید کی خوشیاں دوبالا ہوجائیں گی بلکہ یہ عید ہمیشہ کے لیے ایک خوشگوار یادگار میں تبدیل بھی ہوجائے گی- اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے درمیان محبت اور خوشیوں کو پھیلائیے-

image


عید کے پکوان سب کے لیے
عید بغیر مزیدار کھانوں کے نامکمل ہے- ہم عید کے موقع پر مہمانوں اور اپنے گھر کے افراد کے لیے کئی اقسام کے مزیدار کھانے تیار کرتے ہیں جن میں شیر خورمہ٬ بریانی٬ قورمہ٬ اور کڑاہی شامل ہوتے ہیں- اس سال ان کھانوں کی مقدار کو تھوڑا بڑھا دیجیے اور انہیں اپنے ملازمین٬ پڑوسیوں اور ضرورتمندوں میں بھی تقسیم کیجیے- اور اس خوبصورت خدمت میں اپنے ساتھ اپنے دوستوں اور گھر والوں کو بھی شامل کیجیے -

image


اچھے کاموں کا سلسلہ شروع کریں
لوگوں کی مدد کرنے اور عطیات دینے کا کوئی مخصوص وقت نہیں ہوتا- البتہ عید ایسے کام سرانجام دینے کا ایک بہترین موقع ضرور ہے جب آپ اپنے ایسے مسلمان بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کرسکتے ہیں جو مالی پریشانی کا شکار ہیں- غرباﺀ اور ضرورت مند افراد کو عطیات دیجیے اور اس سرگرمی کے لیے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو بھی آمادہ کیجیے کہ وہ بھی اپنی استطاعت کے مطابق مستحقین کی مدد کریں-

image

اس عید پر خوشیاں پھیلائیے اور لوگوں کے چہرے سے اداسیاں دور کیجیے- اور عید مناتے ہوئے ضرورت مند اور مستحق افراد کو ہرگز نہ بھولیں-
YOU MAY ALSO LIKE:

Eid ul Fitr is celebrated with religious zeal and fevor across the globe. This day of hapiness comes as a gift from Allah Almighty for Muslims who prayed during the month of holy Ramadan. The day begins with special eid prayers held at various locations across the country. Various activities are planned for Eid ul Fitr by families. Let us explore them in detail: