پاکستان کی شاندار فتح٬ سرفراز پر جرمانہ اور چند نئے ریکارڈز

جہاں ایک جانب گزشتہ روز پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستانی قومی ٹیم کی کپتان سرفراز احمد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا وہیں ان پر سلو اوور ریٹ پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا-

اس شاندار میچ میں سرفراز احمد نے عمران خان کا 25 سالہ پرانا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا- یہ ایک سنسنی خیز مقابلہ تھا جس میں لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال نے کرکٹ شائقین کو ٹی وی اسکرین کے سامنے سے ہٹنے نہ دیا-
 

image


آئیے پہلے ہم آپ کو سرفراز احمد پر عائد جرمانے کی تفصیلات بتاتے ہیں اور پھر اس کے بعد میچ کے دوران ٹوٹنے اور بننے والے چند ریکارڈز کے بارے میں بتائیں گے-

جرمانہ:
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپیئنز ٹرافی میں سری لنکا کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے تین وکٹ سے کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ تاہم میچ میں فتح کے باوجود پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو سلو اوور ریٹ پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔
 

image


پیر کو ہونے والے میچ میں پاکستانی ٹیم مقررہ وقت سے ایک اوور پیچھے رہی اور سلو اوور ریٹ کے سبب پاکستان کے کپتان سرفراز احمد پر میچ فیس کا 20فیصد اور بقیہ ٹیم پر 10فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

آئی سی سی کے قوانین کے تحت مقررہ وقت کے دوران اوور کم ہونے پر فی اوور ٹیم پر 10 فیصد اور کپتان پر دگنا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ سرفراز نے اپنی غلطی کو تسلیم کر لیا جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

ریکارڈز:
سری لنکا کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرانے والے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اپنی عمدہ کارکردگی سے ایک نیا ریکارڈ بھی بنا دیا۔سرفراز احمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 162 رنز پر سات وکٹوں سے محروم ہونے والی پاکستانی ٹیم کو محمد عامر کے ساتھ مل کر فتح سے ہمکنار کرا دیا۔ انہوں نے ناقابلِ شکست 61 رنز کی اننگز کھیل کر قومی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچانے کے ساتھ ساتھ نیا ریکارڈ بھی بنا دیا۔
 

image


آج سے قبل پاکستان کے کسی بھی کپتان نے آئی سی سی ٹورنامنٹس میں ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئے 50 رنز یا اس سے زائد اسکور نہیں کیے تھے اور عمران خان کے 1992 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہدف کے تعاقب میں بنائے گئے 44 رنز سب سے بڑا اسکور تھا جبکہ سرفراز احمد نے 79 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس میچ میں پاکستان کے شعیب ملک نے اپنے کیریئر کا 250واں ون ڈے میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، وہ پاکستان کی جانب سے یہ کارنامہ انجام دینے والے 10ویں کھلاڑی ہیں۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 10 اوورز کے کوٹے میں تیم میڈن کراتے ہوئے 40 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

یہ چار سال بعد پہلا موقع تھا کہ پاکستان کی جانب سے کسی کھلاڑی نے ایک ون ڈے میچ میں تین میڈن کرائے ہوں۔اس سے قبل یہ کارنامہ 2013 میں سابق مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے انجام دیا تھا جب انہوں نے ویسٹ انڈٰز کے خلاف صرف 12 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔
 

image

پاکستانی ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں بدھ کو میزبان انگلینڈ کے مدمقابل ہو گی۔

(اس رپورٹ کی تیاری میں ڈان کے شائع کردہ چند پیراگراف سے مدد لی گئی ہے)
YOU MAY ALSO LIKE:

Skipper Sarfraz Ahmed (61) cracked a gritty unbeaten fifty as Pakistan survived some tense moments before notching up a thrilling three-wicket win over Sri Lanka in their must-win Group B match to enter the semifinals of the ICC Champions Trophy on Monday.