جنگلات کی معاشی ، ماحولیاتی اہمیت!

عالمی یوم جنگلات 21مارچ2017ء کے موقع ایک خصوصی تحریر

 اﷲ تعالیٰ کی طرف سے انسان کو عطا کردہ عظیم ترین نعمتوں میں سے ایک بڑی نعمت جنگلات بھی ہیں۔ اﷲ نے اپنے بندوں کے لئے بنائی عالیشان جنتوں میں باغات اور نبانات کا خصوصی ذکر ملتاہے ۔لمبے اور گھنے سائے والے درخت ،ان کے سائے اور ان سے پیدا ہونے پھلوں اور میوؤں کو اﷲ نے جنت کی اعلیٰ ترین نعمتوں میں بیان کیا ہے ۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال 21 مارچ کو جنگلات کا عالمی دن منایا جاتا ہے،جنگلات کی معاشی ، ماحولیاتی اور زرعی اہمیت کا تعین کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی اسمبلی میں جنگلات کا عالمی دن منانے کی قرارداد پیش کی گئی اس دن کے منانے کا مقصد جنگلات کو ترقی دینا ۔ جنگلات اور اس سے حا صل ہو نے والے فوائد سے معاشرے میں شعور اجا گر کرنا ہے۔جنگلات کے کٹاؤسے ہونے والے نقصان کی آگاہی دینا ۔

گزشتہ چند سال میں جنگلات کا رقبہ ساٹھ فیصد سے کم ہو کر تیس فیصد رہ گیا ہے ۔جنگلات کی روز بروز کمی کے باعث اوزون کی تہہ باریک ہوتی جارہی ہے اورزمین کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ۔اس لئے جنگلات کے تحفظ کے لئے تحریکیں چلائی جارہی ہیں ۔جنگلات نہ صرف انسانوں بلکہ چرند پرند اور جانوروں کی بقاء کے لئے اہمیت رکھتے ہیں۔ملک کی متوازن معیشت کے لئے ضروری ہے کہ اس کے بیس فیصد رقبے پر جنگلات ہوں۔لیکن سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پاکستان کے کل رقبے کا صرف لگ بھگ پانچ فیصد جنگلات پر مشتمل ہے ۔ جبکہ غیر سرکاری حلقوں کے مطابق پاکستان کے پاس صرف تین فیصد جنگلات باقی ہیں۔ ان میں سے بھی ہر سال قریباً اکتالیس ہزار ہیکٹر جنگل غائب ہو رہا ہے ۔ اس میں آگ، کیڑے مکوڑوں اور نباتاتی بیماریوں کا قصور صرف چھ فیصد ہے ۔ بقیہ94 فیصد جنگل کی صفائی کے ذمہ دار کمرشل اور نان کمرشل، قانونی و غیر قانونی انسانی ہاتھ ہیں۔اگرچہ حکومت اپنے اعداد و شمار کے ذریعے یہ ثابت کرنے پر مصر ہے کہ گذشتہ دس برسوں میں جنگلات پر مبنی کل رقبہ چار اعشاریہ آٹھ سے بڑھ کر پانچ اعشاریہ صفر ایک فیصد ہوگیا ہے ۔

پاکستان میں دیگر مسائل کے علاوہ جنگلات کی کمی بھی ایک مسئلہ ہے ۔ جنگلات کی کمی ہونے کی وجہ سے روز بروز آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ تو دوسری طرف ٹمبر مافیا بھی اپنا کردار نبھانے میں سرگرم ہیں۔ جنگلات میں کمی کرنے میں ٹمبر مافیا خاطر خواہ کردار ادا کر رہے ہیں۔جنگلات کی قیمتی لکڑی کو مفت اور چوری کاٹ کر بازاروں میں جا بیچتے ہیں۔ ٹمبر مافیا کی ان حرکات کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔

لہٰذا اب ضرورت اس امرکی ہے کہ ٹمبر مافیا کو روکنے کیلئے حکومت سخت قانون بنائے (قانون تو موجود ہیں ان کا نفاذ یقینی بنائے) جنگلات کسی بھی ملک کی معیشت کا لازمی جز ہیں۔ملک کی متوازن معیشت کے لئے ضروری ہے کہ اس کے فیصد رقبے پر جنگلات ہوں۔جنگلات قدرتی وسائل کا بہت بڑا ذریعہ ہیں۔پاکستان میں جنگلات کاکل رقبہ42,240 کلومیٹر ہے جوکہ05.31% بنتا ہے پاکستان میں جنگلات کا رقبہ اس لئے بھی کم ہورہا ہے کہ یہاں پر جنگلات کو بے رحمانہ طریقے سے کاٹا جارہا ہے ۔ مکانات کی تعمیر کے لئے جنگلات کی زمین کو استعمال کی جارہا ہے اور پھر ہر سال دریا بھی کٹاؤ کا کام کررہے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ جنگلات کے اگانے کے لئے مزید زمین مختص کی جائے اور درختوں کی غیر ضروری کٹائی کو بند کیا جائے ۔

جنگلات ملک کے اہم وسائل میں سے ایک ہیں اور یہ اس ملک کی عمارتی لکڑی اور جڑی بوٹیوں کی ضروریات پوری کرتے ہیں۔جنگلات زمین کی زرخیزی قائم رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔جنگلات درجہ حرارت کو اعتدال پر رکھتے ہیں اور اطراف کے موسم کو خاص طور پر خوشگوار بناتے ہیں۔جنگلات سے حاصل شدہ جڑی بوٹیاں ادوایات میں استعمال ہوتی ہیں۔جنگلات جنگلی حیات کا ذریعہ اورسبب ہیں۔بے شمار جنگلی جانور یعنی شیر، چیتا، اور ہرن وغیرہ جنگلات میں پائے جاتے ہیں۔جنگلات جلائے جانے والی لکڑی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔جنگلات زمین کے حسن و دلفریبی میں اضافہ کرتے ہیں۔جنگلات بہت سے وسائل کا ذریعہ اور ماخذ ہیں۔مثلاً جنگلات سے حاصل کردہ لکڑی فرنیچر، کاغذ، ماچس اور کھیلوں کا سامان تیار کرنے میں استعمال ہوتی ہیں۔جنگلات پہاڑوں پر جمی ہوئی برف کو تیزی سے پگھلنے سے روکتے ہیں اور زمین کے کٹاؤ پر بھی قابو رکھتے ہیں۔

جنگلات انسانوں اور قدرتی نباتات کو تیز رفتار آندھیوں اور طوفان کی تباہی اور بربادی سے محفوظ رکھتے ہیں۔جنگلات فضاء میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار کو بڑھنے نہیں دیتے کیوں کہ انہیں خود اس گیس کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ آکسیجن خارج کرتے ہیں جو انسانی زندگی کے لئے لازمی ہے ۔بھیڑ، بکری، اونٹ جیسے حیوانات اور سینکڑوں جنگلی جانور اپنی غذا ان ہی جنگلات سے حاصل کرتے ہیں۔جنگلات تفریحی مقامات کے کام آتے ہیں اور لوگ ان کے خوبصورت ،حسین مناظر سے لطف اندوزہوتے ہیں۔جنگلات مختلف اقسام کے جانوروں اور پرندوں کی افزائش اور نشونما کا ذریعہ بنتے ہیں انسان آج انہی درختوں کا سب سے بڑا دشمن بن چکا ہے ،جی ہاں،وہی درخت اپنے قاتل اسی انسان کی بے شمار ضروریات پورا کرتے ہیں۔اگر ان نباتات کو زمین سے خارج کیاجائے و انسانی زندگی کا تصور بھی ممکن نہیں ۔یہی درخت جہاں ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں، وہیں ہوا کو صاف رکھنے ، آندھی اور طوفانوں کا زور کم کرنے ، آبی کٹاؤ روکنے ، آکسیجن میں اضافے اور آب و ہوا کا توازن برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ماحولیاتی آلودگی موجودہ دور کا ایک گمبھیر مسئلہ ہے تودرخت ہی اس پیچیدہ مسئلے کا ایک اچھا اور آسان ترین حل ہیں۔

اب ہمارے جنگلات صرف بمشکل تک4فیصد رہ گئے ہیں۔اس کا خوفناک نتیجہ یہ نکلا ہے کہ ہمارے ملک میں اب وہ سلسلہ وار بارشیں بہت حد تک ختم ہو کر رہ گئی ہیں،جن پر ہماری زراعت کا سب سے زیادہ انحصار تھا۔ دوسری طرف ہم دیکھتے ہیں کہ بھارت نے دریائے راوی کا پانی مکمل بند کر دیا تو علاقہ بنجر ہو گیا ۔

حکومت کو بھارتی آبی دہشت گردی کے سدباب کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر میں ان مٹتے جنگلات کو بچانے کی فوری تدبیرکرنی چاہیے ۔پاکستانی قانون میں اگرچہ کاغذات کی حد تک جنگلات کے کٹاؤکے خلاف پابندی بھی عائدہے ، لیکن اس کی کسی کو پروانہیں۔اصل میں جنگلات کے کٹاؤ،اور ان درختوں کے جو نہروں ،دریاؤں،سڑکوں کے کنارے لگائے جاتے تھے ،وہ افراد ہی ملوث ہیں ،جو ان کی حفاظت کے ذمہ دار ہیں ، پاکستان کے جنگلات اور ملک کے باقی درختوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔و زیر اعظم جناب نواز شریف کے ساتھ چاروں وزرائے اعلیٰ سے عالمی یوم جنگلات کے موقع پر گزارش ہے کہ اس مسئلے کی بھی فوری نوٹس لیں ۔ شجر کاری کی زیادہ سے زیادہ مہم چلائیں اس سلسلے میں عوام کو بھی بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے ۔

Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal
About the Author: Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal Read More Articles by Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal: 496 Articles with 524441 views Akhtar Sardar Chaudhry Columnist Kassowal
Press Reporter at Columnist at Kassowal
Attended Government High School Kassowal
Lives in Kassowal, Punja
.. View More