شرمین چنائے غیرت کے نام پر فلمیں بنارہی ہیں یا ملک کی غیرت کو للکاررہی ہیں ؟

شرمین کی جن فلموں پر ایوارڈ دیا گیا وہ سب پاکستان اور اسلامی معاشرے کے خلاف ہیں۔
پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والے واقعات اورایسے واقعات بنانے میں کردار اداکرنے والی شخصیات کی ہمیشہ ہی امریکا نے پذیرائی کی ہے۔ سپر پاور جن کو اہمیت دے انہیں دیگر ممالک کیسے نظرانداز کرسکتے ہیں ؟نتیجے میں مختاراں مائی ، ملال یوسف زئی کے بعد اب شرمین عبید چنائے اس فہرست کا حصہ بنی ہوئی ہیں جنہیں امریکا اہمیت دیتا ہے۔

شرمین عبید چنائے کون ہیں ؟ پاکستان کے کس شہر سے ان کا تعلق ہے ؟ وہ کس گھرانے میں پیدا ہوئیں یہ وہ سوالات ہیں جو ہمیشہ ہی نظر انداز کردیے جاتے ہیں ۔ اس مقصد کے لیے ایک منصوبے کے تحت دیگر عوامل کو اہمیت دی جانے لگتی ہے ۔بالکل اسی طرح جیسے وزیر اعظم نواز شریف نے شرمین کے ماضی اور ان کی فلموں کی تیاری کی وجوہات کو جانے بغیریا جان کر ان سے نہ صرف ملاقات کی بلکہ غیر کے نام پر بنائی گئی ان کی نئی فلم ( A Girl in the River: The Price of Forgiveness ّ) پر ان کی تعریف بھی کی ۔ وزیراعظم کا کہناتھا کہ ’’ شرمین نے پاکستان کا نام بلند کیا ہے ـ، وہ قابل فخر ہے ‘‘۔

شرمین کا فلم بنانا وہ بھی پاکستانی معاشرے کے خلاف فلم بنانا کس طرح قابل فخر عمل ہے ، اس کی وضاحت تو وزیراعظم نواز شریف یا ان کے ’’ ممنون ‘‘ کرسکتے ہیں ۔ بظاہر تو ایسے لگتا ہے کہ وہ مسلسل ہمارے معاشرے کی برائیوں کو اجاگر کرکے اسلام اور پاکستان کو اپنے اسکرپٹ کے مطابق بدنام کررہی ہیں۔

یہ بات پوری ذمہ داری کے ساتھ و عقل و دانش کے تحت کہی جاسکتی ہے کہ شرمین کی تیار کردہ فلمیں سیونگ فیس (Saving Face) ٹرانس گینڈر : پاکستان کا کھلا راز (Transgender: Pakistan's Open Secret ) پاکستانز طالبان جنریشن (Pakistan's Taliban Generation) پاکستان ز ڈبل گیم ( Pakistan's Double Game) ری انوینٹنگ دی طالبان (Reinventing the Taliban?) ٹیررز چلڈرن (Terror's Children) پر غور کیا جائے تو نام سے ہی اندازہ ہوجائے گا کہ ان فلموں کے مقاصد کیا ہیں۔ اگر ان فلموں کا مقصد پاکستانی معاشرے جو الحمد ﷲ اسلامی معاشرتی نظام پر مشتمل ہے کو سیکولر معاشرے کے سامنے بدنام کرنا نہیں تو پھر کیا ہے۔ شرمین سے کوئی پوچھے کہ اس نے ’’پاکستان ز ڈبل گیم ‘‘کے عنوان سے فلم کیوں اور کس کو خوش کرنے کے لیے بنائی تھی ؟اس سے یہ بھی پوچھا جاسکتا ہے کہ ’’طالبان کی دوبارہ پیدائش ‘‘(Reinventing the Taliban?) نامی فلم کس کا آئیڈیا تھی اور یہ کیوں بنائی تھی ؟
شرمین کی اٹھارہ فلمیں ہیں جس میں سے دس فلموں کا تعلق اسلام اور پاکستان معاشرے سے ہیں اور ان دس دستاویزی فلموں میں سے تین پر ایوارڈ ملا۔ تینوں فلمیں Pakistan's Taliban Generation ، Saving Face اورA Girl in the River: The Price of Forgiveness کا گہرا تعلق پاکستانی معاشرے سے ہے ۔

گوکہ شرمین مسلسل پاکستانی معاشرے کی بدنامی کے لیے اپنا ’’اصل کردار‘‘ ادا کررہی ہے مگر ہمارے حکمراں اور لبرل قوتیں اس کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں ۔ کسی میں یہ جرآت نہیں کہ اس سے پوچھا جائے کہ ’’ کس قیمت پر اور کیوں پاکستان کو دنیا میں بدنام کررہی ہو ــ؟ ‘‘۔

شائد ہمارے حکمران بھی شرمین کو ایسی فلم تیار کرنے کا ٹاسک دینے والوں کو ہی ’’ رپورٹ ‘‘ کرتے ہوں ورنہ کوئی وجہ نہیں کے شرمین سے بازپرس کی جائے ۔

کیا شرمین امریکا کی پاکستان یا دنیا اسلام میں جارحیت کے خلاف فلمیں نہیں بناسکتی ؟

شرمین کو فلسطین ، بوسینیا ، بھارت اور دیگر ممالک میں ہونے والے انسانی جرائم نظر نہیں آتے ؟

یہ بات سمجھنا بھی مشکل ہے کہ شرمین اسلام اور پاکستان کی محبت میں اسلام اورپاکستان کے خلاف فلمیں بنارہی ہیں یا نفرت میں ؟

شرمین کا کردار قابل تحسین نہیں بلکہ قابل شرم ہے ۔ ایسے میں چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی جانب سے سینیٹ میں شرمین عبید چنائے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پیش کی جانے والی قرارداد کی منظوری دیکر اس بات کا اظہار کیا کہ امریکا نے ایک عورت کو ایوارڈ دیا ہے تو یہ ایوان میں خراج تہنیت کی قرارداد پیش کرنے کا جواز نہیں ہے۔

رضا ربانی کا یہ اقدام اگرچہ غیر متوقع اور حیران کن ہے لیکن قوم کے لیے باعث اطمینان بھی ہے کہ کوئی تو ہے جو کسی بھی وجہ سے ایسی قراردادوں کو روک رہا ہے ۔ ایسے اقدامات کی مخالفت کررہا ہے ۔ مذکورہ قرارد اد سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق اور متحدہ قومی موومنٹ کی نسرین جلیل کی جانب سے پیش کی جارہی تھی۔ اس قرارداد کو روکتے ہوئے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ جمہوریت کی بقاء کے لیے سڑکوں پر جدوجہد کرنے والی خواتین کے حق میں قرارد داد کیوں نہیں لائی جاتی ۔ چیئرمین سینیٹ کے اس اقدام کو ایون میں موجود اکثریت نے ڈیسکیں بجاکر زبردست سراہا ۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ شرمین کی اسلام اور پاکستان سے متعلق فلموں کا حکومتی سطح پر جائزہ لیا جائے اور وزیر اعظم سے بھی یہ پوچھا جائے کہ انہوں نے کس وجہ سے شرمین کی فلم کا پریمیئر شو وزیر اعظم ہاؤس میں کرایا تھا ؟ پاکستان اور پاکستانی قوم کے مفاد میں یا ان کا نام روشن کرنے کے لیے کونسی ایسی بات تھی جس کی وجہ سے انہوں نے شرمین کی تعریف کی اور اس کی خدمات کو سراہا یا ۔

شرمین غیرت کے نام پر ہونے والے واقعات اور ملک میں بچوں کی تربیت کے حوالے عالمی پروپگنڈے کے مطابق فلمیں بناکر پاکستان کی غیرت کو للکارہی ہے اور دنیا کے سامنے سرخرو ہورہی ہے ۔ حکومت کو شرمین اور شرمین جیسی دیگر شخصیات سے بھی ’’ ضرب عضب ‘‘ کے طرز پر نمٹنا چاہیے ورنہ دشمن ممالک غیر معمولی فائدے اٹھاسکتے ہیں۔
Muhammad Anwer
About the Author: Muhammad Anwer Read More Articles by Muhammad Anwer: 179 Articles with 152498 views I'm Journalist. .. View More