ہوا کے دوش پرافغان باشندے

پاکستان مسائل میں گھرا ہوا ہے، ایک طرف سے ہندوستان بارڈر پر بارود کی بارش کر رہا ہے تو دوسری طرف افغانستان بارڈر پر گولہ باری کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔جس طرح ہندوستان میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہوجائے تو اس کا ملبہ فوراً پاکستان پر ڈال دیا جاتا ہے اسی طرح اگر افغانستان میں بھی دہشت گردی کا کوئی حادثہ ہوجائے تو اس کا ذمہ دار بھی پاکستان کو ہی ٹھہرایا جاتا ہے۔

پاکستان مسائل میں گھرا ہوا ہے، ایک طرف سے ہندوستان بارڈر پر بارود کی بارش کر رہا ہے تو دوسری طرف افغانستان بارڈر پر گولہ باری کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔جس طرح ہندوستان میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہوجائے تو اس کا ملبہ فوراً پاکستان پر ڈال دیا جاتا ہے اسی طرح اگر افغانستان میں بھی دہشت گردی کا کوئی حادثہ ہوجائے تو اس کا ذمہ دار بھی پاکستان کو ہی ٹھہرایا جاتا ہے۔

حقیقتِ حال یہ ہے کہ پاکستان نے گزشتہ سینتیس سالوں سے افغانیوں کی ایک پوری نسل پالی ہے، اس وقت بھی اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر کے مطابق افغانیوں کی سب سے زیادہ میزبانی کرنے والا ملک پاکستان ہی ہے اور پاکستان میں اس وقت بھی آن دی ریکارڈ14 لاکھ 50 ہزار سے زائد افغان باشندے زندگی گزار رہے ہیں۔

ماضی میں ہمارے حکمرانوں سے جہاں اور بہت ساری غلطیاں ہوئی ہیں وہیں ان میں سے ایک افغان باشندوں کی آباد کاری کے حوالے سے ناقص منصوبہ بندی بھی ہے۔ چاہیے تو یہ تھا کہ افغان آبادیوں کو حکومت کے زیرِ نظررکھا جاتا اور ان کی مناسب تعلیم و تربیت اور روزگار کا بندوبست بھی کیا جاتا۔ لیکن ہمارے حکمرانوں نے اس سلسلے میں بہت زیادہ غفلت برتی جس کے نتیجے میں افغانیوں کی ایک پوری نسل پاکستان میں ہوا کے دوش پر پیدا ہوئی اور کوڑے اور کچرے کے ڈھیروں پر جوان ہوئی۔

یہ بچے جنہوں نے شرافت، عزت اور تہذیب کا منہ نہیں دیکھا اور جنہیں علم و ادب کی ہوا نہیں لگی ان میں سے کچھ منشیات کے بادشاہ بنے اور کچھ دیگر جہاد انڈسٹری سمیت متعدد مافیاز کا نوالہ بن گئے۔ ان کے دلوں میں پاکستان کے لئے کسی بھی قسم کی کوئی ہمدردی اور رحم نہیں ہے۔

اس صورتحال کو ہندوستان نے اچھی طرح درک کر لیا ہے اور ہندوستان بھی انہی پاکستان دشمن بچوں سے پاکستان کے خلاف استفادہ کرتا ہے جو پاکستان کے چپے چپے سے واقف ہیں۔ خود افغانستان حکومت کے اندر بھی ہندوستان کا اثرونفوذ اب کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔

دوسری طرف خود پاکستان کے اندر ایسے غداروں کی بھی کمی نہیں ہے جنہوں نے افغان باشندوں کو جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنا کر دئیے ہیں۔ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے مطابق اس وقت پاکستانی پاسپورٹ دنیا بھر میں دوسرا ناپسندیدہ ترین پاسپورٹ ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کی تعداد 25 لاکھ سے زائد ہے اور ان پچیس لاکھ میں سے 10 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین یہاں غیر رجسٹرڈ طور پر آباد ہیں۔

ایسے میں اگر کوئی صحافی ان ملکی مسائل پر قلم اٹھائے تو اسے ذیشان اشرف بٹ کی طرح موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے۔ کسی کو بولنے اور سوچنے ہی نہیں دیا جاتا ، افغانیوں کے مسائل اپنی جگہ پاکستان میں عمومی صحت کا یہ عالم ہے کہ صرف 36 فیصد آبادی کو پینے کے صاف پانی تک رسائی حاصل ہے،تھیلیسیمیا اور ایڈز کے پھیلاو میں اضافہ ہوا، جبکہ پاکستان پولیو کی منتقلی کو مکمل روکنے میں بھی ناکام رہا۔

افسوس صد افسوس کہ 56 لاکھ بچے پرائمری اور 55 لاکھ سیکنڈری اسکولوں سے باہر ہونے سے دنیا بھر میں اسکول سے باہر بچوں کی تعداد پاکستان میں سب سے زیادہ رہی۔اسی طرح تپ دق کی شرح میں سرفہرست پاکستان ہی ہے جبکہ ہیپاٹائٹس کے پھیلاو میں دوسرے نمبر پر ہے، جیلوں میں قیدیوں کی اضافی تعداد اور جبری گمشدگیوں کے مسائل اپنی جگہ پھن پھیلائے ہوئے ہیں اورملک اقلیتوں کے لئے غیر محفوظ ترین منطقہ بن چکا ہے۔

سرحدوں پر فائرنگ ہو رہی ہے اور اندرون ملک عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں حتی کہ روڈ پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں کہ گاڑی کتنی رفتار سے چل رہی ہے، گاڑی کا اندرونی ماحول حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ہے یا نہیں، سیٹوں کی صورتحال بیٹھنے کے قابل ہے یا نہیں، کرائے کی شرح قانون کے مطابق ہے یا نہیں۔۔۔

ہمارے منصوبہ ساز اداروں کو چاہیے کہ وہ ہوا کے دوش پر سوار افغان باشندوں کو قانون کے مطابق واپسی کا راستہ دکھائیں اور ملک میں جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے والوں کا پیچھا کیا جائے۔اسی طرح صحافیوں پر تشدد کرنے اور انہیں گولیاں مارنے کے بجائےعوامی شکایات سننے کے لئے مختلف مقامات پر ٹیلی فون نمبرز آویزاں کئے جائیں۔

سب سے بڑی بات یہ ہے کہ لوگوں کو انسان سمجھا جائے اور انسانوں کو انسانی حقوق دئیے جائیں۔پاکستانیوں کو یہ احساس دلایا جائے کہ چاہے وہ اکثریت سے تعلق رکھتے ہوں یا کسی اقلیت سے ، وہ سب ایک آزاد ریاست کے باشندے ہیں کسی کے غلام نہیں ہیں۔ایک آزاد اور خود مختار ملک میں مقیم غیر قانونی افغان باشندے ، پاکستان اور پاکستانیوں کی سلامتی کے لئے سخت خطرہ ہیں۔اس خطرے سے پہلی فرصت میں حکمتِ عملی کے ساتھ نمٹا جانا چاہیے۔

nazar
About the Author: nazar Read More Articles by nazar: 115 Articles with 64302 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.