خوشاب میں منی ٹرک الٹ گیا، سات بچوں سمیت 14 افراد ہلاک

image
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع خوشاب میں ایک روڈ ایکسیڈنٹ میں 14 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ریسکیو 1122 کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سنیچر کو دن 11 بج کر 32 منٹ پر ریسکیو کنٹرول روم خوشاب کو روڈ ٹریفک ایکسیڈنٹ کی ایمرجنسی کال موصول ہوئی۔ کالر کے مطابق نزد پنج پیر مناوا روڈ تحصیل نوشہرہ بریک فیل ہونے کے سبب منی ٹرک الٹ گیا ہے۔

خوشاب ریسکیو 1122 کے میڈیا کوارڈینیٹر عثمان حیدر نے اردو نیوز کو بتایا کہ اس واقعے میں 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ چار معمولی زخمی ہیں۔

’اس حادثے میں زیادہ تر بچوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ سات بچے، چار مرد اور تین خواتین اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔‘

ان کے مطابق ’یہ ایک خاندان نہیں تھا بلکہ مختلف لوگ تھے جو بنوں سے خوشاب آ رہے تھے۔ گاڑی بریک فیل ہونے پر بے قابو ہوئی اور کھائی میں جا گری۔ یہ خانہ بدوش قسم کے لوگ تھے جو مزدوری کی غرض سے اپنے بچوں کے ساتھ یہاں آ رہے تھے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ گاڑی میں جانور، بکریاں، اور دیگر سامان لدھا ہوا تھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں اور لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال نوشہرہ وادی سون منتقل کر دیا گیا ہے۔

حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں 14 سالہ اسحاق، 14 سالہ عمر، 45 سالہ رحیم، 40 سالہ محمد خان، سات سالہ علیشہ، آٹھ سالہ غزالہ، پانچ سالہ گل رحیم اور سات نامعلوم افراد شامل ہیں۔ ان میں تین خواتین، دو بچے اور دو مرد ہیں۔

ریسکیو ٹیموں نے بہتر علاج معالجے کے لیے سات شدید زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہر آباد کیمپس منتقل کر دیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق گاڑی بریک فیل ہونے پر بے قابو ہوئی اور کھائی میں جا گری۔ (فوٹو: ریسکیو 1122)اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت ردعمل دکھاتے ہوئے امدادی کاروائی شروع کر دی تھی۔

وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے خوشاب سون ویلی حادثے پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت دے دی ہے کہ حادثے میں زخمی افراد کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بھی واقعے پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ’خوشاب کے قریب پنج پیر کے مقام پر ٹرک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس ہے۔ اللہ تعالیٰ حادثے میں جانبحق افراد کی مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو جلد از جلد صحت یاب کرے۔ دُکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.